• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

رائیڈو کی فتح گر اننگز، بھارت پانچویں ون ڈے میں کامیاب

شائع February 3, 2019
بھارت کے امبتی رائیڈو نے 90رنز کی فتح گر اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے امبتی رائیڈو نے 90رنز کی فتح گر اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے امبتی رائیڈو کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پانچویں ون ڈے میچ میں 35رنز سے شکست دے کر سیریز 1-4 سے اپنے نام کر لی۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔

بھارتی ٹیم 18 رنز پر چار اہم بلے بازوں سے محروم ہو گئی جن میں قائم مقام کپتان روہت شرما، شیکھر دھاون، شبمان گل اور مہندرا سنگھ دھونی شامل تھے۔

اس مرحلے پر رایئڈو کا ساتھ دینے وجے شنکر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 98 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے کسی حد تک ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا، وجے 45رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رائیڈو نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور کیدار جادھو کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 190 رنز جوڑ کر ٹیم کی معقول مجموعی تک رسائی کی راہ ہموار کی البتہ دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

رائیڈو نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے آٹھ چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 90 کی اننگز کھیلی لیکن وہ دس رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے جبکہ جادھو نے 34رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں ہردک پانڈیا نے جارحانہ انداز اپنایا اور پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی بدولت 22 گیندوں پر 45رنز بنائے جس کی بدولت بھارتی ٹیم 252 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور آخری اوور میں پوری مہمان ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 4 اور ٹرینٹ بولٹ نے تین وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف 38رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہو کر مشکلات سے دوچار ہو گئی۔

اس مرحلے پر کپتان کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے 67رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، جادھو نے نیوزی لینڈ کے کپتان کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد میزبان ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقتاً فوقتاً وکٹیں گنواتی رہی جس کے سبب ہدف کا تعاقب ناممکن ہو گیا اور پوری ٹیم 35 گیندوں قبل ڈھیر ہو کر اتنے ہی رنز سے شکست سے دوچار ہوئی۔

بھارت کی جانب سے یزویندر چاہل تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد شامی اور ہردک پانڈیا نے دو، دو وکٹیں لیں۔

اس میچ میں فتح کی بدولت بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-4 سے فتح حاصل کر لی۔

رائیڈو کو فتح گر اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے حقدار 9 وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر محمد شامی قرار پائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024