• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رنگارنگ تقریب کے ساتھ 14ویں ہاکی ورلڈ کپ کا افتتاح

شائع November 28, 2018 اپ ڈیٹ November 30, 2018
ہاکی ورلڈ کپ 2018 کی افتتاحی تقریب کا ایک خوبصورت منظر— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
ہاکی ورلڈ کپ 2018 کی افتتاحی تقریب کا ایک خوبصورت منظر— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

ہاکی ورلڈ کپ 2018 کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں افتتاح ہو گیا جہاں افتتاحی تقریب کو شاہ رخ، مادھوری دکشت اور اے آر رحمٰن نے اپنی شاندار پرفارمنسز سے یادگار بنا دیا۔

فیلڈ ہاکی کے 14ویں ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب بدھ کو بھارتی ریاست اڑیسہ کے دارالحکومت بھوبھنیشور میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ نوین پٹنائیک نے ایونٹ کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا۔

اسٹیڈیم میں 10ہزار سے زائد شائقین کے سامنے ورلڈ کپ میں شریک تمام 16 ٹیموں کے کپتانوں کو بلایا گیا اور پھر 1975کا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں مادھوری دکشت، اے آر رحمٰن اور شاہ رخ خان نے پرفارم کیا— تصاویر بشکریہ ٹوئٹر
افتتاحی تقریب میں مادھوری دکشت، اے آر رحمٰن اور شاہ رخ خان نے پرفارم کیا— تصاویر بشکریہ ٹوئٹر

اس کے بعد فوجی ڈرونز کے لیزر شو نے شائقین پر سحر طاری کردیا اور پھر اسٹیج پر بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان جلوہ افروز ہوئے اور اپنی مشہور زمانہ فلم ’چک دے انڈیا‘ کے ڈائیلاگ ادا کیے۔

بالی وڈ کی مشہور ادکارہ مادھوری دکشت کی پرفارمنس دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی جنہوں نے تقریب کے دوران اسکول کے 800 بچوں کے ساتھ شاندار پرفارمنس دے کر شائقین کے دل جیت لیے۔

تین گھنٹے تک جاری رہنے والی افتتاحی تقریب کو آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمٰن نے اپنے مشہور گیتوں پر شاندار پرفارمنس دے کر بہترین انداز میں اختتام تک پہنچایا۔

انہوں نے ہاکی ورلڈ کپ 2018 کا آفیشل گانا بھی گایا جسے گلزار نے تحریر کیا اور اے آر رحمٰن نے اس کی موسیقی ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ اسے اپنی آواز بھی عطا کی۔

ورلڈ کپ کا پہلا میچ کل بیلجیئم اور کینیڈا کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے بعد میزبان بھارت کی ٹیم جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہو گی۔

ایونٹ کے گروپ 'ڈی' میں موجود پاکستانی ٹیم کا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024