• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

غزہ میں اسرائیلی جارحیت، 5 فلسطینی ہلاک

شائع August 9, 2014
غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے تازہ حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینی کا رشتہ دار نوحہ کناں ہے—۔فوٹورائٹرز
غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے تازہ حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینی کا رشتہ دار نوحہ کناں ہے—۔فوٹورائٹرز
جنگ بندی ختم ہونے کے بعد غزہ پر تازہ اسرائیلی حملے کے بعد دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں—۔فوٹو اے پی
جنگ بندی ختم ہونے کے بعد غزہ پر تازہ اسرائیلی حملے کے بعد دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں—۔فوٹو اے پی
تازہ اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ میں تباہ ہونے والی عمارتوں کا ایک منظر—۔فوٹو رائٹرز
تازہ اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ میں تباہ ہونے والی عمارتوں کا ایک منظر—۔فوٹو رائٹرز

غزہ شہر: اسرائیل اور حماس کے مابین تین روزہ جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہونے کے اگلے روز ہی اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں پانچ فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادرے رائٹرز کے مطابق اسرائیل اور حماس کے مابین جاری جنگ اب دوسرے مہینے میں داخل ہو گئی ہے اور سیز فائر میں توسیع کی عالمی کوششوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل نے 20 فضائی حملے کیے ہیں، جبکہ حماس کی جانب سے بھی 6 راکٹس داغے گئے۔

رائٹرز نے غزہ کی وزارت صحت کے حوالے سے لکھا ہے کہ دو فلسطینی اس وقت ہلاک ہوئے جب ان کی موٹر سائیکل پر بمباری کی گئی۔

جبکہ بمباری کا نشانہ بننے والی تین مساجد میں سے ایک کے ملبے سے تین لاشیں ملی ہیں۔

پوری رات جاری رہنے والے فضائی حملوں کے نتیجے میں فلسطینی علاقے میں تین گھر بھی تباہ ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کے زیر اثر علاقے میں 30 سے زائد مقامات پر حملہ کیا گیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق حماس کی جانب سے ہفتے کو 6 راکٹ فائر کیے گئے، تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 3 روزہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد جمعہ کو فریقین میں ایک بار پھر تصادم شروع ہوگیا تھا اور غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں ایک دس سالہ بچہ ہلاک اور گیارہ فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔

امریکا نے سیز فائر معاہدے میں توسیع میں ناکامی کے بعد اسرائیل اور حماس سے کہا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں کی ہلاکت کو کم سے کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔

جمعے کو وائٹ ہاؤس ترجمان جون ارنسٹ نے کہا کہ امریکا کو تشدد کی تازہ کارروائیوں کے حوالے سے تشویش ہے۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون نے بھی دونوں فریقین پر زور دیا ہے کہ مزید حملوں سے گریز کیا جائے، جس سے صرف اور صرف غزہ کے شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق پامال ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع کے حوالے سے رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم حماس نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر جنگ بندی میں توسیع سے انکار کر دیا تھا۔

حماس کا کہنا ہے کہ جب اسرائیل غزہ کی پٹی سے فوجی محاصرہ ختم کرے گا تب ہی جنگ بندی ممکن ہوسکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024