پشاور میں گھر پر حملہ، نو افراد ہلاک
پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے بڈہ بیر ماشوخیل میں نامعلوم مسلح افراد نے سپیشل پولیس فورسز کے اہلکار اور مقامی امن کمیٹی کے سربراہ ظفر کے بھائی پیر اسرار کے گھر پر حملہ کر کے کم سے کم نو افراد کو ہلاک کردیا۔
ڈی ایس پی فضل واحد کے مطابق یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے ان کے گھر میں داخل ہوکر خواتین کو ایک جانب کر کے وہاں موجود مرد اور بچوں پر فائرنگ کی اور ساتھ ہی ساتھ ساتھ دستی بم بھی پھینکے۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد تقریباً تیس کے قریب تھی۔
پیر اسرار اسپیشل پولیس فورسز کے اہلکار ظفر کے بھائی ہیں، جنہیں گزشتہ اتوار کو شدت پسندوں کے ساتھ ہونے والے پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔
فضل واحد کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ شدت پسندوں نے اپنے ساتھی کا بدلہ لینے کے لیے پیراسرار شاہ کے گھر پر حملہ کیا۔
یاد رہے کہ اس پولیس مقابلے میں ایک شدت پسند بھی ہلاک ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ظفر مقامی امن کمیٹی کے سربراہ تھے، لیکن حال ہی میں انہوں نے اسپیشل پولیس فورسز میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو بعد میں پشاور خیبر میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق شدت پسندوں اور پولیس کے درمیان مقابلہ بھی ہوا جس کے بعد وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعہ کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا عمل شروع کردیا۔