حکومت سے مذاکرات میں مصروف پی ٹی آئی نے ہماری اے پی سی میں شرکت سے انکار کیا، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے پاکستان تحریک انصاف سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب حکومت سے مذاکرات کرنے والی پی ٹی آئی نے ہماری بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔
جماعت اسلامی نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اسلام آباد غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کر رہا ہے، غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل کے مظالم امریکی پشت پناہی میں جاری ہیں لیکن عالمی ضمیر اور مسلم امت اس قتل عام پر خاموش ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے اسرائیل کے مظالم بند کروانے کے لیے امریکی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کو کسی بیرونی طاقت نے کمزور نہیں کیا بلکہ یہاں کے حکمرانوں نے کیا ہے، یہ حکمران آزادی کا دعویٰ کرتے ہیں اور اقتدار کے لیے امریکا کی طرف دیکھتے ہیں۔
انھوں نے کہا حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں لیکن پی ٹی آئی سے شکوہ ہے کہ جب جماعت اسلامی نے آل پارٹیز کانفرنس بلائی تو انھوں نے شرکت سے انکار کردیا تھا۔
مظاہرین سے جماعت اسلامی کے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا جب کہ مظاہرین نے فلسطین کی آزادی کے حق اور اسرائیل کی مخالفت میں نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 30 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا جب کہ دو روز قبل غزہ کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ صہیوبی فوج کے حملوں میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 45 ہزار 317 فلسطینی شہید ہوچکے جب کہ اسرائیلی جارحیت میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 713 تک جا پہنچی۔
اس کے علاوہ صہیونی ریاست خطے کے دیگر ممالک میں بھی کئی جارحانہ کارروائیاں کرچکی ہے، ان کی ظالمانہ کارروائیوں کے نشانہ بننے والے ممالک میں ایران، شام، لبنان اور یمن شامل ہیں۔