62 فیصد ’ڈیجیٹل کونٹینٹ کریٹرز‘ معلومات شیئر کرنے سے قبل فیکٹ چیک نہیں کرتے، یونیسکو
اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئٹرز میں سے دو تہائی مواد شیئر کرنے سے قبل معلومات کی جانچ پڑتال نہیں کرتے۔
یونیسکو کی پریس ریلیز کے مطابق ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئٹرز کے طرز عمل اور محرکات کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مشکلات کی حوالے سے ’بیہائنڈ دی اسکرین‘ کے نام سے عالمی سطح پر پہلی جامع تجزیاتی رپورٹ بنائی گئی ہے۔
امریکی ریاست اوہائیو کی یونیورسٹی کی ایک تحقیقی ٹیم کی مدد سے اس رپورٹ کو تیار کیا گیا ہے، جس میں دنیا کے 45 ممالک سے 500 کریئٹرز شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 62 فیصد ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئٹرز نے اپنے صارفین کے ساتھ مواد شیئر کرتے وقت فیکٹ چیک نہ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان میں سے تقریباً ایک تہائی (33.5) فیصد نے کہا کہ وہ سورس اور کریئٹر کے قابل اعتبار ہونے کی وجہ سے مواد شیئر کریں گے۔
اسی طرح 36.9 فیصد کریئٹرز نے کہا کہ وہ کونٹینٹ شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق کرتے ہیں۔
سروے میں شامل کچھ کریئٹرز نے اپنے کام کے دوران معلومات کے درست اور ٹھیک ہونے کی اہمیت پر زور دیا اور تصدیق کے بغیر شیئر کی جانے والی معلومات کے ممکنہ نتائج کو اجاگر کیا۔
سروے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ کونٹینٹ کریئٹرز میں حقائق کی جانچ کرنا معمول نہیں جبکہ انہیں معلومات کے درست ہونے کا پتا لگانے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سروے میں شامل 42 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ معلومات کے درست ہونے کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹ پر لائکس اور شیئرز کی تعداد پر انحصار کرتے ہیں جبکہ تقریباً 21 فیصد کا کہنا تھا کہ اگر ان کے قابل اعتماد دوست کونٹینٹ شیئر کرتے ہیں تو وہ اسے شیئر کرتے ہیں، 19 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ پوسٹ کے درست ہونے کا تعین اس کو لگانے والے کو دیکھ کر کرتے ہیں۔
سروے کے مطابق 36.9 فیصد کونٹینٹ کریئٹرز نے تجربے، تحقیق اور انٹرویوز کے بعد مین اسٹریم نیوز میڈیا کو معلومات کے لیے سب سے ذریعہ قرار دیا۔
یونیسکو کا کہنا تھا کہ اس نے ڈیجیٹل کونٹینٹ کریٹرز کے لیے خصوصی طور پر ایک تربیتی پروگرام شروع کیا ہے جو انفلوئنسرز کے لیے عالمی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا کورس ہوگا۔
اس پروگرام کا مقصد کونٹینٹ کریئٹرز کو غلط معلومات اور نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے لیے جدید طریقوں سے آگاہ کرنا ہے۔
یونیسکو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ تربیتی پروگرام کا کا آغاز ہو چکا ہے جس میں 160 ممالک سے 9 ہزار لوگ حصہ لے رہے ہیں۔
اس موضوع پر بات کرتے ہوئے یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل آڈری ازولے نے کہا ’ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئٹرز نے معلومات کے نظام میں ایک اہم مقام حاصل کیا ہے اور وہ لاکھوں لوگوں کو ثقافتی، سماجی یا سیاسی خبروں سے منسلک کر رہے ہیں۔