• KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm
  • KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm

غزہ میں جنگ بندی، امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ تل ابیب پہنچ گئے

شائع August 18, 2024
تل ابیب پہنچنے پر امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کا اسرائیلی وزیر خارجہ نے استقبال کیا— فوٹو: اے ایف پی
تل ابیب پہنچنے پر امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کا اسرائیلی وزیر خارجہ نے استقبال کیا— فوٹو: اے ایف پی

امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جاری جنگ میں سیز فائر معاہدے کے لیے سفارتی دباؤ بڑھانے کی غرض سے مشرق وسطیٰ کے دورے پر تل ابیب پہنچ گئے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ غزہ میں اکتوبر میں جنگ کے آغاز بعد سے خطے میں دسواں دورہ کرنے والے انٹونی بلنکن پیر کو وزیر اعظم نیتن یاہو سمیت اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کے بعد انٹونی بلنکن مصر کا دورہ کریں گے۔

بائیڈن انتظامیہ کے سینئر عہدیدار نے تل ابیب جاتے ہوئے رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی واپسی کے مذاکرات اہم موڑ پر پہنچ چکے ہیں اور بلنکن تمام فریقین پر اس معاہدے کو منطقی انجام تک پہنچانے پر زور دیں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ وقت بہت اہم ہے۔

غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے ممالک امریکا، مصر اور قطر اب تک مذاکرات کو کامیاب بنانے اور خونریزی روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ ایک ایسے موقع پر تل ابیب پہنچے ہیں جب آج ہی غزہ میں اسرائیلی حملے میں چھ بچوں سمیت 25 افراد شہید ہو گئے۔

دیر البلاح میں نصیرت کیمپ پر اسرائیلی فورسز کے حملے میں ایک خاتون اپنے 6 بچوں سمیت شہید ہوگئیں تاہم اسرائیل نے اس حملے کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

گزشتہ ہفتے فریقین میں مذاکرات کے لیے دو روزہ بیٹھک کا انعقاد کی گیا تھا جس میں حماس نے شرکت نہیں کی تھی اور بعدازاں ان مذاکرات کو ایک ہفتے کے لیے موخر کردیا گیا تھا۔

تاہم امریکی صدر جو بائیڈن نے مذاکرات کی جلد کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ابھی تک مذاکرات کو کامیاب نہیں بنا سکے، اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے لیکن ہم آج سے پہلے کبھی بھی مذاکرات کی کامیابی کے اتنے قریب نہیں پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ غزہ میں 8 ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ میں 40 ہزار سے زائد شہادتوں کے بعد جنگ بندی کو کامیاب بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں حالیہ عرصے میں تیزی آئی ہے تاکہ اس جنگ کو پورے خطے میں پھیلنے سے روکا جا سکے۔

ایران میں اسرائیلی حملے میں حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرنے اور حملے کا عزم ظاہر کیا تھا، ایران نے خبردار کیا تھا کہ صرف جنگ بندی کے لیے ہونے والے کامیاب مذاکرات ہی انہیں اسرائیل پر جوابی کارروائی سے روک سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024