شاہ رخ خان کے ساتھ فلموں میں کام کرنے سے انکار کرچکی ہوں، تبو
بولی وڈ کی مقبول اداکارہ تبو نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہوں نے متعدد فلموں میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن ان کے مداح انہیں اداکار کے ساتھ کام کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
تبو نے حال ہی میں یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں فلمی کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
تبو سے جب پوچھا گیا کہ ماضی میں وہ یہ کہ چکی ہیں کہ وہ تاحال اجے دیوگن کی وجہ سے غیر شادی شدہ ہیں، اس حوالے سے وہ کیا کہیں گی؟
اس پر تبو نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اب مذکورہ بات کافی پرانی ہوچکی، اس قصے کو مزید نہ چھیڑا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ صرف اداکارہ ہیں اور آج تک انہوں نے اداکاری کے لیے کبھی کسی لکھاری کو اسکرپٹ میں تبدیلی کرنے یا ہدایت کار کو مناظر شوٹ کرنے میں تبدیلی کے لیے نہیں کہا۔
ان کے مطابق اگر انہیں کوئی اسکرپٹ پسند آتا ہے تو وہ اس فلم میں کام کرتی ہیں، ورنہ منع کردیتی ہیں لیکن کبھی وہ فلموں کے ڈائلاگ یا مناظر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ نہیں کرتیں۔
شاہ رخ خان کے ساتھ اب تک کوئی مکمل فلم نہ کرنے کے سوال پر تبو نے کہا کہ وہ نہ تو لکھاری ہیں، نہ ہدایت کار ہیں اور نہ ہی پروڈیوسر ہیں، انہیں جو پیش کش ہوتی ہے، اسی میں سے ہی وہ بعض پیش کشوں کو قبول کرتی ہیں اور بعض کو مسترد کردیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی ہدایت کار، پروڈیوسر یا لکھاری کو یہ نہیں کہ سکتی ہیں کہ انہیں فلاں فلم میں فلاں اداکار کے ساتھ کاسٹ کیا جائے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا واقعی آج تک انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ رومانوی فلم کی کبھی کوئی پیش کش نہیں ہوئی؟
اس پر انہوں نے سوچنے کے بعد انکشاف کیا کہ انہیں ان کے ساتھ چند فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے ان فلموں میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح شاہ رخ ٘خان نے بھی بعض پیش کشوں کو مسترد کردیا ہوگا۔
تبو نے واضح نہیں کیا کہ انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ کون سی فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی اور انہوں نے ان کے ساتھ کام کرنے سے کیوں انکار کیا؟
تبو نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے مداحوں کی خواہش ہے کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کریں اور اداکار کے مداح بھی انہیں اسکرین پر ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں لیکن انہیں معلوم نہیں کہ دونوں کب ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
خیال رہے کہ تبو اور شاہ رخ خان کو فلموں میں کام کرتے ہوئے تین دہائیاں ہو چکی ہیں لیکن دونوں نے کسی بھی فلم میں مرکزی ہیرو یا ہیروئن کے طور پر ایک ساتھ کام نہیں کیا۔
تبو نے شاہ رخ خان کی اوم شانتی اوم، میں ہوں نا اور ساتھیا سمیت دیگر فلموں میں مختصر کردار ادا کیے ہیں لیکن کبھی وہ ان کے ساتھ بطور ہیروئن نظر نہیں آئیں۔