• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

اسرائیلی فوج کی غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری، 24 گھنٹوں میں45 فلسطینی شہید

شائع June 22, 2024
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

صہیونی فورسز نے غزہ کے محفوظ قرار دیے گئے علاقوں میں بمباری کی جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 45 فلسطینی شہید ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں ایک گھر کا محاصرہ کرکے 3 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا، اس دوران مسلح تصادم کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے، جب کہ اسرائیلی میڈیا نے 2 فلسطینی جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے مغربی کنارے میں صہیونی فورسز کے ہاتھوں 552 فلسطینی شہید اور 5 ہزار 200 زخمی ہوئے ہیں، اس دوران اسرائیلی فوج نے مختلف کارروائیوں میں 9 ہزار 300 فلسطینیوں کو حراست میں بھی لیا۔

مجموعی طور پر غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 37 ہزار 431 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جب کہ 85 ہزار 653 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے رفح میں فوجی کارروائیاں روکنے سے متعلق امریکی انتباہات کے باوجود غزہ کے محفوظ قرار دیے گئے مغربی علاقوں میں شدید بمباری کی، صہیونی فورسز نے المواسی میں پناہ گزین کیمپ کو بھی نشانہ بنایا، عینی شاہدین نے بتایا کہ المواسی میں اسرائیلی ٹینکوں نے غیر متوقع طور پر عارضی خیموں پر گولہ باری کی۔

المواسی میں تقریباً ایک لاکھ سے زیادہ فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں اور یہ وہ جگہ ہے جہاں فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں، جو انسانی ہمدردی کی تنظیموں کا مرکز بھی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رفح شہر کے مغرب میں المواسی کے علاقے میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے خیموں پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 25 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے، جب کہ مجموعی طور پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں صحت کا نظام تباہی کے قریب ہے کیونکہ المواسی میں ’محفوظ ترین مقام‘ کے پناہ گزین کیمپ پر حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کو القصیٰ اسپتال لایا گیا، جہاں پہلے سے ہی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔

حزب اللہ کا اسرائیل کو بھر پور جواب دینے کا اعلان

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سرحدی علاقوں میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے اسرائیل کو واضح پیغام دیا کہ ان کے پاس جدید اسلحہ موجود ہیں جو وہ کسی بھی وقت استعمال کرسکتے ہیں، جب کہ ان کے پاس مجاہدین کی تعداد بھی پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

ادھر، امریکی عہدیداروں نے لبنان سے اسرائیل پر حملوں کو نا قابل قبول قرار دیتے ہوئے اسرائیلی حکام کو یقین دلایا کہ حزب اللہ کے ساتھ مکمل جنگ کی صورت میں وہ اسرائیل کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025