• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

خاقان شاہنواز کو گوری رنگت اور نیلی آنکھوں والا لکھنے پر صحیفہ جبار نالاں

شائع February 15, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار نے اداکار خاقان شاہنواز کو گوری رنگت اور نیلی آنکھوں والا لکھنے پر میڈیا پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اداکاروں کو ان کی رنگت نہیں بلکہ ان کے کام کی وجہ سے پہچانا جانا چاہئیے۔

صحیفہ جبار نے انسٹاگرام اسٹوری میں خاقان شاہنواز کی ایک تصویر شیئر کی، جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ گوری اور بہترین رنگت اور نیلی آنکھوں کے باعث خاقان شاہنواز پر لوگ فدا ہو رہے ہیں۔

اداکارہ نے مذکورہ تصویر کو شیئر کرتے ہوئے میڈیا پر اظہار برہمی کیا اور لکھا کہ ہم ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں لوگ روایتی شکل و صورت کے حامل افراد کی قدر کرتے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے ایک اداکار کا انٹرویو دیکھا، جس میں انہوں نے ایک خوبصورت لڑکے کو یہ بات کرتے ہوئے سنا کہ بطور اداکار انہوں نے کس طرح کے چیلنجز کا سامنا کیا۔

صحیفہ جبار نے لکھا کہ انٹرویو میں اداکار نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا تھا کہ لوگ انہیں ان کے کام نہیں بلکہ ان کی خوبصورتی کی وجہ سے جانتے ہیں اور ان کی قدر کرتے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ اسی طرح ان کے ساتھی اداکار (خاقان شاہنواز) کو بھی خوبصورت اور مراعت یافتہ ہونے کے باوجود انہیں ان کی اداکاری اور کام نہیں بلکہ رنگت کی وجہ سے پہچانا جا رہا ہے۔

صحیفہ جبار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میڈیا کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئیے کہ وہ ایسا کوئی بیانیہ نہ بنائے، جس سے لوگ دوسروں کو ان کے کام کے بجائے ان کی ظاہری خوبصورتی کی وجہ سے پہچانیں۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ خاقان شاہنواز ماضی میں خود انٹرویوز میں اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ انہیں ان کی گوری رنگت، دراز قد اور نیلی آنکھوں کی وجہ سے فائدہ ملا اور انہیں آسانی سے شوبز میں کام ملنے لگا، انہیں محنت نہیں کرنی پڑی۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024