اسرائیلی طیاروں کے خان یونس اور رفح پر وحشیانہ حملے، مزید 178 فلسطینی شہید
اسرائیل نے رات گئے خان یونس میں طیاروں کے ذریعے بمباری سے بچوں سمیت 10 فلسطینی شہید کردیے جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے، 24 گھنٹوں میں 178 فلسطینی اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی زد میں آکر شہید ہوئے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے رات گئے خان یونس کے اطراف شدید بمباری کی، فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 10 افراد مارے گئے۔
اسرائیلی بمباری سے نصیر ہسپتال کے قریب رہائشی عمارت میں بھی آگ لگ گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو دوسری جگہ منتقل ہونا پڑا۔
7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 25 ہزار 105 افراد شہید اور 62 ہزار 681 زخمی ہو چکے ہیں، 7 اکتوبر کو حماس کے حملے سے اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 139 ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے نے اپنی رپورٹ یں بتایا کہ غزہ میں صرف 15 بیکریاں کام کررہی ہیں۔
ان میں سے 6 بیکریز جنوبی غزہ کے رفح میں اور9 وسطی غزہ کے دیر البلاح میں ہیں، شمالی غزہ میں بیکریاں نہیں ہیں، جس کی وجہ سے علاقے میں خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔