غیرملکی مصنوعات کے بائیکاٹ پر ہونے والی مہم پر حنا بیات کی تنقید، ویڈیو کلپ وائرل
اداکارہ حنا خواجہ بیات کا سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ پاکستان میں غیر ملکی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہیں اور سوشل میڈیا کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے پر زور دے رہی ہیں۔
یوٹیوب چینل ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ کی جانب سے اداکارہ حنا خواجہ بیات کے طویل انٹرویو کا مخصوص ایڈٹ کیا گیا کلپ شیئر کیا گیا، تاہم انٹرویو کا بقیہ حصہ ابھی جاری ہوگا۔
ویڈیو کلپ کے مطابق اداکارہ نے میزبان سے ’بکواس‘ کا لفظ استعمال کرنے کی اجازت لیتے ہوئے کہا کہ ’بہت عجیب، ایک بکواس قسم کی جنگ چل رہی ہے جس میں ہمارے بھی کچھ جاننے والے شامل ہیں۔‘
اداکارہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہا ہا ہا میکڈونلڈ نہ کھائیں، اسٹاربکس نہ پیئیں، پیپسی نہ پیئیں لیکن سوشل میڈیا استعمال کریں گے، فیس بُک اور انسٹاگرام استعمال کریں گے۔‘
حنا بیات خان نے انتہائی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’جاہلوں سے میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ آپ کسی بھی چیز کو ٹول کے طور پر اپنے لیے اور اپنی بہتری کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’انتہائی مشکل حالات آجائیں تو اللہ نے بھی حرام کو حلال کرنے کی اجازت دی ہے، اگر قحط پڑجائے تو آپ کچھ بھی کھا سکتے ہیں، اسی طرح یہ ایک ہتھیار ہے اس کا صحیح استعمال کریں، یہ کیا جہالت ہے کہ آپ اس کا مذاق اڑا رہے ہیں۔‘
ایف ایچ ایم کی جانب سے حنا بیات خان کے انٹرویو کا ایڈٹ کیا گیا کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے، ویڈیو کلپ سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ اداکارہ حنا بیات حماس۔اسرائیل تنازع پر پاکستان میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ مہم کے خلاف ہیں اور سوشل میڈیا کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا مشورہ دے رہی ہیں۔
اداکارہ کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کچھ سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، ارینہ اکبر نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ کیا کہنا چاہ رہی ہے؟؟؟ سوشل میڈیا آپ کی آواز بلند کرنے کا ایک ذریعہ ہے، لیکن میکڈونلڈز اور اسٹاربکس پیٹ کی چربی بڑھانے کے علاوہ کوئی کچھ نہیں کرتے۔‘
ثبات نامی صارف نے حنا بیات کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو سمجھایا کہ اداکارہ کے کہنے کا مطلب ہے کہ ’آپ جتنا کر سکتے ہیں اس کا بائیکاٹ کریں اور اپنی آواز بلند کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے رہیں جو اسرائیل کا پروڈکٹ ہے۔‘
حیدر نامی صارف نے کہا کہ ’میرے خیال میں اداکارہ بائیکاٹ کی حمایت کر رہی ہیں اور جو لوگ اس کا مذاق اڑا رہے ہیں اس پر تنقید کر رہی ہیں۔‘
ایک اور صارف نے کہا کہ میں نے یہ ویڈیو کلپ ایک سے زائد مرتبہ دیکھا ہے اور سمجھنے کی کوشش کی ہے، میرے خیال میں اداکارہ کہنا چاہ رہی ہیں کہ سوشل میڈیا کا بائیکاٹ نہ کریں بلکہ اسے ٹول کے طور پر استعمال کریں۔
رامین نامی صارف نے لکھا کہ ’ہو سکتا ہےاداکارہ ٹھیک طرح سے اپنی رائے کا اظہار نہیں کرسکیں لیکن میرے خیال سے وہ بائیکاٹ کے حق میں ہیں۔
صارف نے کہا کہ اداکارہ ان لوگوں پر تنقید کررہی ہیں جو بائیکاٹ سے بچنے کے لیے یہ بہانہ استعمال کر رہے ہیں کہ ’لیکن آپ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں!‘
صوفیہ نامی صارف نے کہا کہ اداکارہ نے بالکل ٹھیک کہا ہے، لوگ ان کی بات کو سمجھ نہیں پارہے۔
صارف نے کہا کہ اداکارہ ان لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں جو بائیکاٹ مہم پر سوال اٹھاتے ہوئے بہانہ بنا رہے ہیں کہ سوشل میڈیا بھی اسرائیلی پروڈکٹ ہے۔
یوٹیوب چینل کی جانب سے ایڈٹ کیا گیا کلپ انٹرویو کا ایک حصہ ہے جو شاید ابھی مکمل جاری ہونا باقی ہے، اداکارہ کی مکمل بات اس وقت ہی واضح ہوگی جب یوٹیوب چینل کی جانب سے مکمل انٹرویو جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حنا بیات خان اپنے انسٹاگرام اکاونٹ کے ذریعے فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھاتی رہی ہیں، اداکارہ آئے روز غزہ میں جاری بمباری کے خلاف اسرائیل پر سخت تنقید کرتی آئی ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جاری مسلسل بمباری کے نتیجے میں اب تک تقریباً 18 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 297 افراد شامل ہیں اور صرف دو ماہ میں 49 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔
اسرائیل کی جانب سے مسلسل بمباری کے بعد دنیا بھر میں مختلف ممالک خصوصاً مسلم ممالک میں عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
ایسے میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی نہ کرنے کے بعد پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ایسی غیر ملکی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے جن کے مالکان یہودی ہیں۔
پاکستان میں شوبز شخصیات بھی اس مہم کا حصہ ہیں جن میں فلسطین کے حق میں مسلسل آواز اٹھانے والی اداکارہ اشنا شاہ بھی شامل ہیں۔