• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’یہ جنگ نہیں نسل کشی ہے‘، اشنا شاہ کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں شرکت

شائع October 22, 2023
— فائل فوٹو: اے ایف پی/اشنا شاہ
— فائل فوٹو: اے ایف پی/اشنا شاہ

کراچی میں گزشتہ روز سول سوسائٹی پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی میں اداکارہ اشنا شاہ نے شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہر پاکستانی کو سڑکوں پر نکلنا چاہیے، جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوگا ہم چُپ نہیں بیٹھیں گے۔‘

گزشتہ روز (21 اکتوبر کو) کراچی کے علاقے دو تلوار سے تین تلوار تک فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی گئی جس میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی۔

خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں فلسطینیوں کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور فلسطین کے لیے آزادی کے نعرے بھی لگائے گئے۔

ریلی میں اداکارہ اشنا شاہ نے بھی شرکت کی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ ہاتھ میں پلے کارڈ لیے ریلی میں موجود ہیں۔

اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ ’میں یہاں پر اس لیے ہوں کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ ہر پاکستانی کو اس ریلی کا حصہ بننا چاہیے، 1948 سے فلسطین پر ظلم ہورہا ہے، یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کشی ہے، یہ غیر قانونی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اسرائیل، ہسپتالوں پر بمباری کر رہا ہے اور دنیا صرف دیکھ رہی ہے، دنیا کے سپر پاور ممالک کے ہاتھوں پر معصوم فلسطینیوں کا خون ہے، مغربی میڈیا فلسطین پر غلط رپورٹنگ کر رہا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ہر پاکستانی، مسلم اور یہاں تک کہ یہودی بھی فلسطین کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں، یہ یہودی یا مسلمانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ نسل کشی ہے، ہر شخص کو سڑکوں پر نکلنا چاہیے اور صحیح تاریخ کا ساتھ دینا چاہیے اور الحمداللہ ہم حق کے راستے پر ہیں۔ ’

اشنا شاہ نے کہا کہ ’ہم سیز فائر چاہتے ہیں لیکن جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوگا ہم چُپ نہیں بیٹھیں گے، گھروں سے باہر نکلیں اور فلسطین کے حق میں آواز اٹھائیں، ہمیں اپنی حکومت پر بھی دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا کی سپر پاور اسرائیل کی مدد کر رہی ہیں، مسلم ممالک خاموش ہیں، عام شہری سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائیں، اپنی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ اس مسئلے پر غیر جانبدارانہ بیانات نہ دیں بلکہ کھلے عام اس کی مذمت کریں۔‘

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024