• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کے ریکارڈز

شائع October 8, 2023
ایڈن مرکرم 49 گیندوں میں ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی
ایڈن مرکرم 49 گیندوں میں ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آغاز کو تیسرا دن ہو چکا ہے اور اب تک 4 میچز کھیلے جاچکے ہیں اور چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے سری لنکا کے خلاف ریکارڈز کی بھرمار کر دی۔

نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو وہ فیصلہ ان کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوگیا۔

کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وین ڈیر ڈوسن نے دوسری وکٹ میں 204 رنز کی زبردست شراکت قائم کی اور جنوبی افریقہ کے لیے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔

دونوں کھلاڑیوں نے سنچریاں بنائی، ڈی کوک 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو راسی وین ڈیرڈوسن 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ایڈن مرکرم نے تباہ کن بیٹنگ کی اور ریکارڈ بنا ڈالا۔

ایڈن مرکرم نے 49 گیندوں پر 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنا کر ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ آئرلینڈ کے کیون او برائن 2011 میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا اور انہوں نے 50 گیندوں کا سامنا کرکے تیز ترین سنچری بنائی تھی۔

ورلڈ کپ میں 5 تیز ترین سنچریوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے گلین میکسویل ہیں، جنہوں نے 2015 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف 51 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی، یہ ورلڈ کپ آسٹریلیا نے جیت لیا تھا۔

اس فہرست میں چوتھے نمبر میں بھی جنوبی افریقہ کے مایہ ناز سابق بلے باز ہیں، اے بی ڈی ولیئرز نے 2015 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

انگلینڈ کے سابق کپتان آئن مورگن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کو 2019 میں کرکٹ کی عالمی چمپیئن بنایا تھا اور اسی ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف 57 گیندوں کا سامنا کرکے سنچری بنائی تھی جو ورلڈ کپ کی تاریخ تیز ترین سنچریوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔

جنوبی افریقہ کے تین بلے بازوں نے ورلڈ کپ میں ایک اننگز میں سنچریاں بنا کر منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا، سری لنکا کے خلاف ہونے والے تینوں بلے بازوں کی سنچریاں ورلڈ کپ کے ریکارڈ بک میں درج ہوگئی ہیں۔

جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ بھی ترتیب دیا اور ورلڈ کپ کے دوران 400 رنز کا ہندسہ تیسری مرتبہ عبور کرنا کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

سری لنکا کے خلاف دہلی میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں جنوبی افریقہ کے 5 وکٹوں پر 428 ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

جنوبی افریقہ کے اسٹائلش بلے بازوں نے یہ ریکارڈ سابق عالمی چمپیئن آسٹریلیا سے چھین لیا، جو آسٹریلیا نے 4 مارچ 2015 کو افغانستان کے خلاف پرتھ میں 6 وکٹوں پر 417 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔

تیسرے نمبر پر بھارت کا ریکارڈ ہے، ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم نے 2007 میں جنوبی افریقہ کے شہر پورٹ ایلزبیتھ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں برمودا کے خلاف 5 وکٹوں پر 413 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقہ نے اس سے قبل 3 مارچ 2015 کو آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں آئرلینڈ کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بنائے تھے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں پانچویں نمبر پر بھی جنوبی افریقہ براجمان ہے، یہ ریکارڈ انہوں نے 27 فروری 2015 کو سڈنی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 وکٹوں پر 408 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔

سری لنکا نے اس میچ میں ناممکن ہدف کے تعاقب میں جارحانہ بیٹنگ کی اور 326 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوئی تو مجموعی طور پر میچ میں 754 رنز بنے جو ایک روز کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

ورلڈ کپ کے دلچسپ میچز ابھی ہونا باقی ہیں، یہ تو صرف آغاز ہے، روایتی حریف پاکستان اور بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ اور دیگر بڑی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے متوقع ہیں جہاں ہر ٹیم خود کو برتر ثابت کرکے عالمی چمپیئن بننے کی کوشش کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024