• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm

’میرا شہزادہ سلیم‘، ماہرہ خان نے اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیو جاری کردیں

شائع October 4, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں دوسری مرتبہ نکاح کے بندھن میں بندھنے والی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیو جاری کردیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

پاکستان کی ’سپر اسٹار‘ ماہرہ خان نے چند سال تعلقات میں رہنے کے بعد 2 اکتوبر کو اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم سے شادی کی تھی۔

اداکارہ کی منیجر انوشے طلحٰہ خان اور بھائی سہیل خان نے ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرکے ان کے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی، جس کے بعد شوبز شخصیات نے بھی انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

اب ماہرہ خان نے خود اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کردی ہیں۔

انہوں نے اپنی شادی کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کیپشن میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’میرا شہزادہ، سلیم‘۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ اپنے بھائی اور بیٹے کے ساتھ اسٹیج کی جانب آتی ہیں، ایک اور جگہ دیکھا گیا کہ ماہرہ خان اپنے بیٹے کے ساتھ بیٹھی مسکرا رہی ہیں۔

اس کے علاوہ ماہرہ خان اسٹیج کی جانب بڑھتے ہوئے اپنے شوہر سلیم کریم کا ہاتھ تھامتی ہیں اور دونوں رقص بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اس کے علاوہ ماہرہ خان نے اپنے شوہر کے ساتھ ایک اور دلکش تصاویر شئیر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’بسم اللہ، شكر الحمدللہ۔‘

تصاویر اور ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں مداحوں اور ساتھی اداکاروں سمیت بھارتی اداکاروں نے بھی ماہرہ خان کو شادی کی مبارک باد بھی دی۔

اداکارہ سونم کپور اور مونی رائے نے ماہرہ خان کو مبارک دیتےہوئے نیا سفر شروع کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

گزشتہ سال ماہرہ خان نے ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سلیم کریم سے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔

انٹرویو میں جب ثمینہ پیرزادہ نے سوال پوچھا کہ کیا ماہرہ خان کو محبت ہوگئی ہے تو اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ ہاں شاید مجھے محبت ہوگئی ہے۔

ثمینہ پیرزادہ نے اس دوران ماہرہ خان کو مبارکباد بھی دی اور سوال کیا کہ کیا وہ اس شخص کو جانتی ہیں؟ جس پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’ہوسکتا ہے آپ ان کو جانتی ہوں لیکن ان کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے‘۔

اس پر جب ثمینہ پیرزادہ نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ کیا وہ نام بتانا چاہیں گی تو اس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ نام نہیں بتانا چاہتی کیوں کہ یہ وہ خیال ہے جس کی حفاظت کو کرنا چاہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024