• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

’یہی سوال اگر آپ شعیب ملک سے پوچھیں!‘ صحافی کے سوال پر ثانیہ مرزا کا کرارا جواب

شائع May 12, 2023
فوٹو: انسٹاگرام/ثانیہ مرزا/شعیب ملک
فوٹو: انسٹاگرام/ثانیہ مرزا/شعیب ملک

بھارت میں ایک تقریب کے دوران ثانیہ مرزا نے شعیب ملک کا حوالہ دیتے ہوئے صحافی کے ایک سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ اگر شعیب ملک سے یہی سوال پوچھیں گے تو میں بھی آپ کا جواب دوں گی‘۔

خیال رہے کہ شعیب ملک کے ساتھ علیحدگی کی افواہوں کے طویل عرصے بعد ثانیہ مرزا نے اپنے شوہر کا حوالہ کسی تقریب میں کیا ہے۔

تاہم ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ثانیہ مرزا نے بھارت میں فلپ انڈیا کی جانب سے منعقد کی گئی ایک تقریب میں شرکت کی جہاں بالخصوص ماؤں کی جدوجہد اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مہم چلائی جارہی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ثانیہ مرزا نامور ٹینس اسٹار ہونے کے علاوہ ایک بچے کی ماں بھی ہیں، وہ متعدد تقاریب میں اپنے بیٹے اذہان ملک کے ساتھ شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

حال ہی میں ٹینس سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرنے والی ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے کے ہمراہ گزشتہ ماہ اپنے آخری گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں شرکت بھی کی تھی۔

دوسری جانب گزشتہ روز ایک تقریب میں ثانیہ مرزا کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی، جہاں انہوں نے ماؤں کی حوصلہ افزائی، کامیابیوں اور جرات کو سراہا۔

تقریب کے موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ ایک ماں اور کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے میں خود بہت سے چیلنجز کا سامنا کرچکی ہوں، مجھے اس مہم کا حصہ ہونے پر فخر ہے کہ میں خواتین کی فلاح کے لیے کام کرسکوں۔

انہوں نے کہا کہ ’ میں خواتین کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ اپنے خوابوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں، بلکہ مضبوط بن پر اپنی منزل حاصل کرنے کے لیے کھڑے ہوں ’۔

اسی دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ ’آپ ایک بچے کے ساتھ اپنے کیرئیر کو کیسے مینج کرتی ہیں؟‘

جس پر ثانیہ مرزا نے صحافی کو کرارا جواب دے کر کہا کہ ’جیسے وہ (شعیب ملک) مینج کرتے ہیں ویسے میں مینج کرتی ہوں، آپ اگر شعیب ملک سے یہی سوال پوچھیں گے تو میں بھی آپ کا جواب دوں گی‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس سے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی خبریں گردش کررہی تھیں، تاہم دونوں کی جانب سے باقاعدہ طور پر اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

تاہم شعیب ملک نے متعدد بار میڈیا پر ردعمل دیا، جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں انہوں نے مختصراً کہا تھا کہ ہر میاں بیوی کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا ہے، شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔

جبکہ دوسری جانب ثانیہ مرزا کی جانب سے شعیب ملک کے حوالے سے کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا گیا اور نہ بیان سامنے آیا تھا تاہم حال ہی میں شعیب ملک کا حوالہ دینے والی ویڈیوسوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کررہی ہے۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔

شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024