• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

مظفر آباد: آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی برتری

شائع March 3, 2023
مسلم لیگ (ن) نے پونچھ، حویلی اور بھمبر میں چیئرمین شپ حاصل کرنے میں کامیاب رہی —فائل فوٹو: رائٹرز
مسلم لیگ (ن) نے پونچھ، حویلی اور بھمبر میں چیئرمین شپ حاصل کرنے میں کامیاب رہی —فائل فوٹو: رائٹرز

حکمران جماعت تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں بیشتر اضلاع میں برتری حاصل کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 10 ضلعی کونسل میں ہونے والے انتخابات کے دوران پی ٹی آئی نے مظفرآباد، نیلم، باغ، وادی جہلم، سدھ نوتی، کوٹلی اور میرپور اضلاع میں چیئرمین کی نشستیں اپنے نام کیں جب کہ مسلم لیگ (ن) پونچھ، حویلی اور بھمبر میں چیئرمین شپ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

پانچ میونسپل کارپوریشنز میں سے پی ٹی آئی کے کونسلرز میرپور، کوٹلی اور باغ میں میئر منتخب ہوئے جب کہ راولاکوٹ اور مظفرآباد میں بالترتیب جموں کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) اور مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی۔

میونسپل کارپوریشن مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے سید سکندر گیلانی اور پیپلز پارٹی کے خالد اعوان میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے، مظفرآباد میں اپ سیٹ نتیجہ سامنے آیا جہاں پی ٹی آئی کے امتیاز احمد عباسی چیئرمین جب کہ متحدہ اپوزیشن کے راجا ناصر لطیف وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔

باغ میں پی ٹی آئی کے ریٹائرڈ میجر عبدالقیوم اور افراز گردیزی میئر اور ڈپٹی میئر جب کہ سردار آصف اور فہیم فاروق بالترتیب چیئرمین اور ضلع کونسل کے وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔

کوٹلی میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے چوہدری محمد تاج اور راجا ریاست محمود بالترتیب میئر اور ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن منتخب ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ کونسل میں پی ٹی آئی کے چوہدری عبدالغفور چیئرمین منتخب ہوئے جب کہ ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم جیتنے میں کامیاب رہے۔

میرپور میں پی ٹی آئی کے عثمان علی خالد اور محمد رمضان چغتائی میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر جب کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے نوید اختر گوگا اور عدنان شوکت بالترتیب چیئرمین اور وائس چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہوئے۔

پونچھ میں مسلم لیگ (ن) کے جاوید شریف اور پیپلز پارٹی کے سردار امتیاز بالترتیب ضلع کونسل کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین جب کہ جے کے پی پی کے عبدالنعیم خان اور آزاد کونسلر قاضی نثار میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کے میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے۔

نیلم، وادی جہلم اور سدھ نوتی ضلع کونسلز میں بھی پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔

حویلیاں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہوگئے۔

بھمبر میں مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر محمد یوسف اور پی ٹی آئی کے راجا خاور ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024