• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

آئی ایم ایف سے جلد معاہدے کی توقع: اسٹاک ایکسچینج میں 666 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

شائع March 3, 2023
گزشتہ روز انڈیکس 40 ہزار 670 پوائنٹس پر بند ہوا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ روز انڈیکس 40 ہزار 670 پوائنٹس پر بند ہوا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کے ایس ای-100 انڈیکس میں 666.12 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، ماہرین اس کی وجہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ جلد معاہدہ ہونے کی توقع قرار دے رہے ہیں۔

کے ایس ای-100 انڈیکس 666.12 پوائنٹس یا 1.64 فیصد اضافے کے ساتھ 41 ہزار 337 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اس سے قبل بینچ مارک دن کو تقریباً 11 بج کر 38 منٹ پر 443 پوائنٹس یا 1.09 فیصد اضافے کےبعد 41 ہزار 114 کی سطح پر پہنچ گیا تھا جو گزشتہ روز 40 ہزار 670 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری نے بتایا کہ مارکیٹ بھرپور مزاحمت کر رہی ہے، سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ شرح سود میں اضافے سے پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام بحال کرنے کے نزدیک پہنچ چکا ہے۔

دوسری طرف، انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا، آج ڈالر 12 روپے 31 پیسے سستا ہو کر 272 روپے 78 پیسے کا ہو گیا۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 12 روپے 31 پیسے اضافے کے بعد 272 روپے 78 پیسے کی سطح پر آ گیا، جو گزشتہ روز 18 روپے 98 پیسے یا 6.66 فیصد کمی کے بعد 285 روپے 9 پیسے پر بند ہوا تھا۔

پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے، اس کے ذخائر صرف 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کے قریب ہیں، جو صرف تین ہفتوں کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں، ایسی صورت حال میں ملک کو فوری طور پر آئی ایم ایف کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کرنے کی ضرورت ہے، جس سے نہ صرف ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ملیں گے بلکہ دوست ممالک اور دیگر کثیر الجہتی قرض دہندگان کی جانب سے فنڈز ملنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024