• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm

سیکیورٹی خدشات: سندھ میں 3 ماہ کیلئے اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد

شائع February 24, 2023
پابندی کا اطلاق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیں ہوگا — فائل فوٹو
پابندی کا اطلاق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیں ہوگا — فائل فوٹو

سندھ حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں 3 ماہ کے لیے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔

سندھ حکومت کے محکمہ داخلہ کے سیکریٹری سیعد احمد منگنیجو کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 21 فروری کو آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے حکومت سندھ کو خط لکھا گیا تھا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق خط میں بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر کے پیش نظر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے موصول اطلاعات کے مطابق ’تھریٹ رپورٹس‘ کو نظر میں رکھتے ہوئے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کے طور پر صوبے بھر میں متعدد اقدامات بالخصوص اسلحہ کی نمائش پر پابندی کی سخت ضرورت ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئی جی سندھ نے درخواست کی کہ اس صورتحال کے مدنظر صوبے بھر میں تین ماہ کے لیے اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ حکومت اس بات پر متفق ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی ناگزیر واقعے سے بچنے کے لیے آئی جی سندھ کی طرف سے درخواست پر فوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ نے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سیکشن 140 (6) کے تحت صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش پر 3 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔

تاہم اس پابندی کا اطلاق پولیس اہلکاروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رجسٹرڈ نجی سیکیورٹی کمپنیوں سے منسلک سیکیورٹی گارڈز پر نہیں ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق متعلقہ اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکشن 144 کی خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 188 کے تحت مقدمہ درج کریں۔

واضح رہے کہ 18 فروری کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں شاہراہ فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا جس میں پولیس اور رینجرز کے ایک، ایک اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

عمارت کو تقریباً ساڑھے تین گھنٹے سے زائد مقابلے کے بعد دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا گیا اور تینوں دہشت گرد مارے گئے تھے۔

ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے اور عمارت پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024