• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:35am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:35am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

فحش الزامات لگانے پر اداکاراؤں کا عادل راجا کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

شائع January 3, 2023 اپ ڈیٹ January 4, 2023
کبریٰ خان نے عادل راجا کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
کبریٰ خان نے عادل راجا کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان بھی کیا—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اور بڑی اداکاراؤں میں شمار ہونے والی کبریٰ خان، مہوش حیات اور سجل علی نے سابق فوجی افسر عادل راجا کی جانب سے فحش اور نامناسب الزامات لگائے جانے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کے الزامات کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔

جہاں مہوش حیات اور سجل علی نے عادل راجا کے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا، وہیں اداکارہ کبریٰ خان نے ان کے خلاف پاکستان سمیت برطانیہ میں بھی قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا۔

کبریٰ خان نے 2 جنوری کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں عادل راجا کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق فوجی افسر کو دھمکی دی کہ وہ ان سے نہیں ڈرتیں اور وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔

کبریٰ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’وہ شروع میں خاموش رہیں کیوں کہ ایک جھوٹی ویڈیو ان کے وجود کو نہیں مٹاسکتی لیکن اب بہت ہوگیا۔

اداکارہ نے عال راجا کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ جب کو لگتا ہے کہ کوئی بھی شخص اداکارہ پر انگلیاں اٹھائے گا اور اداکارہ خاموش بیٹھیں گی تو یہ ان کی سوچ ہے۔

کبریٰ خان نے لکھا کہ مسٹر عادل راجا جب آپ کسی انسان پر الزام لگائیں تو پہلے اپنے پاس ثبوت رکھیں اور پھر کسی کے خلاف بات کریں۔

اداکارہ نے عادل راجا کو شواہد فراہم کرنے کے لیے 3 دن کا وقت دیتے ہوئے لکھا کہ اگر وہ ایسا نہیں کر سکے تو وہ اپنا بیان واپس لیں اور عوام کے سامنے معافی مانگیں، دوسری صورت میں وہ ان کے خلاف پاکساتن اور برطانیہ میں قانونی چارہ جوئی کریں گی۔

اداکارہ نے سابق فوجی افسر کو دھمکی دی کہ وہ سچ اورحق پر ہیں اور وہ کسی کے باپ سے بھی نہیں ڈرتیں۔

ان کی طرح اداکارہ سجل علی نے بھی عادل راجا کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارا ملک اخلاقی طور پر گرتا جا رہا ہے، کیوں کہ کسی کی کردار کشی کرنا انسانیت کی بدترین شکل اور گناہ ہے۔

تاہم سجل علی نے عادل راجا کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان نہیں کیا۔

کبریٰ خان اور سجل علی کی طرح مہوش حیات نے بھی اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں عادل راجا کا نام لیے بغیر ان کے دعووں پراظہار افسوس کیا۔

مہوش حیات نے اپنی ٹوئٹس میں لکھا کہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے کچھ لوگ انسانیت کے درجے سے بھی گرجاتے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہیں امید ہے ویڈیو بنانے والے شخص 2 منٹ کی شہرت سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے۔

مہوش حیات نے مزید لکھا کہ وہ ایک اداکارہ ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ان کا نام مٹی میں ملائے۔

انہوں نے عادل راجا کا نام لیے بغیر ان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ انہیں بے بنیاد الزامات پر شرم آنی چاہیئے اور ان سے زیادہ شرم ان لوگوں کو آنی چاہیئے جو ان کی فضولیات پر یقین رکھتے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ اب کسی کی کردار کشی کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے اور یہ کہ وہ کسی کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔

خیال رہے کہ کبریٰ خان، سجل علی اور مہوش حیات نے عادل راجا کی جانب سے 2 جنوری کو شیئر کی گئی ایک ویڈیو کے بعد اپنا رد عمل دیا تھا۔

عادل راجا نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ انہیں ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی ٹاپ ماڈلز و اداکارائوں کو سابق اعلیٰ فوجی افسران اور سیاستدانوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکاراؤں کو جب سیاستدانوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا تو اس وقت ان کی نامناسب ویڈیوز بنائی جاتی تھیں۔

انہوں نے کسی اداکارہ یا ماڈل کا واضح نام لیے بغیر ان کے ناموں کے ابتدائی انگریزی حروف بتائے تھے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ چار ٹاپ ماڈلز و اداکاراؤں میں ایک ’ایم کے‘ (MK) دوسری ’کے کے‘ (KK) تیسری ’ایم ایچ‘ (MH) اور چوتھی ’ایس اے‘ (SA) ہیں۔

اداکاراؤں سے متعلق بات کرتے وقت عادل راجا کچھ پریشان ہوگئے تھے اور ان کی زبان بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔

ان کی مذکورہ ویڈیو کے بعد اداکاراؤں نے ان کے دعووں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

نواز Jan 03, 2023 08:28pm
پاکستان میں افواہوں کی یہ خاص بات ہے کہ وہ زیادہ تر سچ ہی ثابت ہوتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025