• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

سال 2022 میں ڈان نیوز کی ویب سائٹ پر سب سے زیادہ پڑھی جانے والی 10 قومی خبریں

شائع December 27, 2022
سال 2022 میں پاکستان کی ہر بدلتی صورتحال سے ڈان نیوز نے اپنے قارئین کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا — فوٹو: رائٹرز/اےایف پی/ٹوئٹر/آن لائن
سال 2022 میں پاکستان کی ہر بدلتی صورتحال سے ڈان نیوز نے اپنے قارئین کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا — فوٹو: رائٹرز/اےایف پی/ٹوئٹر/آن لائن

پاکستان میں 2022 کے دوران قومی سطح پر کئی موضوعات ایسے تھے جس پر عوام ، ماہرین، سیاستدان نیز ہر طبقے کے فرد نے دلچسپی ظاہر کی، انہی میں سے ہم نے رواں سال ڈان نیوز کی ویب سائٹ میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی 10 قومی خبروں کہ خلاصہ کیا ہے جسے قارئین نے بےحد دلچسپی سے پڑھا۔

ملک میں حکومت کی تبدیلی ہو یا پاک فوج کے نئے سربراہ کی تعیناتی، تباہ کُن سیلاب ہو یا سماجی مسائل اور گھریلو تشدد کے واقعات، کھیل کا میدان ہو یا ملک کی معاشی بدلتی صورتحال، ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی نے سال بھر اپنے قارئین کو ان تمام خبروں اور واقعات سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جنہیں بہت دلچسپی کے ساتھ پڑھا گیا۔

اس لیے ہم نے سال کے اختتام پر ویب سائٹ پر سب سے زیادہ پڑھی جانے والی 10 قومی خبروں کی فہرست تیار کی ہے، جنہیں نہ صرف زیادہ پڑھا گیا بلکہ انہیں سب سے زیادہ شیئر بھی کیا گیا اور لوگوں نے ان پر اپنی رائے بھی دی۔

1۔ کون بنے گا پاکستان کا اگلا آرمی چیف؟

پاکستان کے آرمی چیف کی تعیناتی کسی بھی دور حکومت کے سب سے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہوتا ہے، 29 نومبر کو جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے عہدے سے ریٹائر ہونے والے تھے، جی ایچ کیو نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے لیے ناموں کی سمری وزارت دفاع کو بھجوائی جس میں 6 سینئر ترین جنرلوں کے نام شامل تھے۔

آئین میں آرمی چیف کی تعیناتی کا طریقہ کار کیا ہوتا ہے اور افسران کی سنیارٹی اور اہلیت کیا ہوتی ہے؟ اس حوالے سے ڈان نیوز کی ویب سائٹ پر شائع ’کون ہوگا اگلا آرمی چیف‘ سب سے زیادہ پڑھی جانے والے خبروں میں سرفہرست رہی۔

پاک فوج کے اس وقت کے سینئر ترین افسران لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کے پیشہ ورانہ کیریئر کے بارے میں پڑھنے کے لیے قارئین نے بے حد دلچسپی ظاہر کی۔

— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر

2۔ حنا ربانی کھر پر صنفی طنز کرنے پر فواد چوہدری کو تنقید کا سامنا

20 اپریل کو وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر پر ’صنفی طنز‘ کرنے پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں حنا ربانی کھر کی 9 سال پرانی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’جب آپ کم ذہانت والی خاتون کو وزیر خارجہ مقرر کرتے ہیں اور جن کی شہرت صرف ان کے مہنگے برکن برانڈ کے ہینڈ بیگز، آئی گلاسز ہوں تو ان سے چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔

اس پر ٹوئٹر صارفین نے ان کے جملے جنس پرستی پر مبنی قرار دیے اور حنا ربانی کھر سے معافی کا مطالبہ بھی کیا۔

3۔ مدد کے منتظر افراد کے سیلاب میں ڈوبنے کی ویڈیو نے دل دہلا دیے

ملک بھر میں جون سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں کے باعث سندھ اور بلوچستان میں شدید تباہی ہوئی، ہزاروں افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہوگئے، اسی دوران 25 اگست کو خیبرپختونخوا میں سیلاب میں مدد کے منتطر افراد کی سوشل میڈیا میں ویڈیو وائرل ہوئی جس کو دیکھ کر کئی افراد آبدیدہ ہوگئے۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ 5 افراد ایک بڑے پتھر پر کھڑے مدد کے منتظر ہیں اور پتھر کے چاروں جانب سیلاب کا تیز بہاؤ ہے، ویڈیو میں باقاعدہ دیکھا گیا کہ یہ افراد سیلاب کے تیز بہاؤ کی وجہ سے پتھر پر توازن برقرار نہیں رکھ پاتے اور تیزی سے آنے والا پانی کا ریلا ان کو پتھر سمیت بہا لے جاتا ہے۔

ویڈیو کو دیکھ کر کئی لوگوں نے متاثرین کی مدد نہ کرنے پرحکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، اس واقعے کا احوال ڈان کی ویب سائٹ پر شائع خبر سے بھی پڑھ سکتے ہیں جس میں رواں سال قارئین نے کافی دلچسپی ظاہر کی۔

4۔ سارہ قتل کیس: ایاز امیر ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز امیر نے اپنی اہلیہ اور پاکستانی نژاد کینیڈین شہری سارہ انعام کو بےدردی سے قتل کیا تھا جس پر پولیس نے مرکزی ملزم اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا تھا۔

یہ واقعہ 23 ستمبر کو پیش آیا تھا، کیس میں مرکزی ملزم شاہنواز کے والد کو 25 ستمبر کو پہلی بار جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا، نامور صحافی کے باشعور بیٹے نے ایک کینیڈین نژاد 37 سالہ خاتون کو جس بے دردی سے قتل کیا گیا اس پر عوام نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔

البتہ اس کیس کے حوالے سے عدالت میں کارروائی جاری ہے، تاہم قارئین نے رواں سال ڈان نیوز کی ویب سائٹ پر شائع اس خبر میں کافی دلچسپی ظاہر کی۔

5۔ سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 48 فیصد اضافہ

یکم جولائی کو وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے خو شخبری سنائی جس میں گریڈ ایک سے 22 یا مساوی سول اور فوجی تمام سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 48 فیصد اضافے اور سابق ملازمین کی پینشن میں 15 فیصد اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔

48 فیصد اضافے کا حساب بنیادی تنخواہوں کے ان دو اسکیلز پر لگایا گیا لیکن چونکہ انہیں پہلے ہی مالی فوائد مل رہے تھے اس لیے رواں سال کے لیے مؤثر اضافہ 15 فیصد کا ہوگا۔

6۔ وزیراعظم، صدر کے تمام احکامات سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے سے مشروط

سپریم کورٹ نے 3 اپریل کو کہا تھا کہ وزیراعظم اور صدر کے تمام احکامات سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوں گے۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف پی ڈی ایم نے قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی جس کے کچھ دیر بعد اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو آئین و قانون کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔

اس کے بعد سپریم کورٹ نے سیاسی صورت حال کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ دیکھنا ہوگا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو آرٹیکل 69 کے تحت تحفظ حاصل ہے یا نہیں، تاہم صدر مملکت اور وزیر اعظم کا جاری کردہ کوئی بھی حکم سپریم کورٹ سے مشروط ہوگا۔

یہ خبر اس حوالے سے بھی قارئین کی دلچسپی کا باعث بنی کہ 3 اپریل کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے لیے پی ڈی ایم جماعتوں نے قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک لاکر مشکلات کھڑی کر دی تھیں جو بالآخر کامیاب ہوگئی اور پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہوگئی۔

7۔ آتشزدگی سے ڈیڑھ ماہ قبل سینٹورس مال کی فوٹو شاپ تصاویر وائرل

10 اکتوبر کو اسلام آباد کے سینٹورس مال کی چوتھی منزل پر اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس واقعے سے ڈیڑھ ماہ قبل (30 اگست 2022 کو ) ایک آرٹسٹ نے فوٹو شاپ کے ذریعے مذکورہ شاپنگ مال کو جلا دیا تھا۔

سینٹورس مال کے آگ لگنے کی فوٹو شاپ تصویر: بشکریہ سید سائم/ٹوئٹر
سینٹورس مال کے آگ لگنے کی فوٹو شاپ تصویر: بشکریہ سید سائم/ٹوئٹر

اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعے کے بعد فوٹو شاپ کے ذریعے مال کو جلانے کی تصویر ٹوئٹر میں وائرل ہوئی اور کئی صارفین نے آرٹسٹ کی صلاحیت کو سراہا تو کسی نے حیرت کا اظہار کیا۔

یہ خبر ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سال 2022 میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی 10 خبروں میں شامل ہے۔

8۔ سیلاب میں ڈوبنے سے بچ جانے والے کوہستان کے نوجوان کی دکھ بھری داستان

28 اگست کو خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں مدد کے منتظر پانچ دوست سیلاب کی نذر ہوگئے تھے جن میں سے ایک خوش قسمت نوجوان کو بچالیا گیا تھا، بچ جانے والے نوجوان عبیداللہ نے اپنے دوستوں کو آنکھوں کے سامنے ڈوبتے ہوئے دیکھا۔

ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے—اسکرین شاٹ
ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے—اسکرین شاٹ

وہ صبح 8 سے دوپہر ایک بجے تک پتھر پر مدد کا انتظار کرتے رہے، انہوں نے بتایا کہ ان سمیت ان کے تمام دوستوں کو امید اور یقین تھا کہ ان کی مدد کے لیے کوئی نہ کوئی آئے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔

ان کی کہانی سوشل میڈیا پر سیکڑوں لوگوں نے شئیر کی ۔

9۔ ’لاپتا‘ سابق فوجی افسر لندن پہنچ گیا، ’وقت آنے پر خاموشی توڑوں گا‘

اسلام آباد سے مبینہ طور پر لاپتا ہونے والے سابق فوجی افسر میجر (ر) عادل راجا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وہ ’بحفاظت‘ اپنے خاندان کے پاس برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (پی ای ایس ایس) کے سابق فوجی افسر میجر (ر) عادل راجا کی 20 اپریل کو مبینہ گمشدگی کی خبر جب سوشل پر میڈیا گردش کرنے لگی تو انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وہ برطانیہ پہنچ گئے ہیں، ان کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن وقت آنے پر سب کچھ کہا جائے گا۔

انہوں نے یہ اس لیے کہا کیونکہ ان دنوں سابق وزیر اعظم عمران خان عدم اعتماد کی تحریک پیش کیے جانے کے بعد اقتدار کھو رہے تھے، عادل راجا بھی مبینہ طور پر عمران خان کے حق میں ٹوئٹ کرتے دکھائی دیے۔

دوسری جانب سبین کیانی نامی ایک خاتون نے ان کی اہلیہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ ایف آئی اے نے عادل راجا کی گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

10۔ دعا زہرہ کے والد کی ہائیکورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست خارج

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے 23 جون کو سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دعا زہرہ کے والد کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرہ کی جانب سے اپنے اغوا سے متعلق بیان حلفی دینے کے بعد کیس کو نمٹاتے ہوئے اسے شوہر کے ساتھ رہنے یا والدین کے ساتھ جانے سے متعلق اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کی اجازت دی تھی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ بچی نے 2 عدالتوں میں جاکر کہہ دیا کہ مجھے کسی نے اغوا نہیں کیا ہے، بچی نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے اس کے بھی حقوق ہیں۔

یہ خبر پڑھنے میں بھی قارئین نے بھرپور دلچسپی دکھائی جس کے باعث یہ بھی ڈان نیوز کی ویب سائٹ پر سب سے زیادہ پڑھی جانے والی 10 ملکی خبروں میں شامل ہے۔


مرتب کردہ: اقرا حسین

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024