• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

ایک اور مبینہ آڈیو: توشہ خانہ کی چیزوں کی تصاویر لینے پر بشریٰ بی بی کا ملازم پر غصہ

شائع December 16, 2022
—فائل/فوٹو: ڈان
—فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں بظاہر توشہ خانہ سے ان کے گھر بھیجی گئی اشیا کی تصاویر پر انہیں کسی پر غصہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

بشریٰ بی بی کی چند روز قبل بھی مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں بظاہر وہ پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری سے عمران خان کی گھڑیاں بیچنی کی بات کر رہی تھیں۔

تازہ مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی ایک شخص سے بات کر رہیں جن کا نام انعام ہے اور ان سے کہہ رہی ہیں کہ ’یہ جو توشہ خانہ سے چیزیں آئی تھیں، آپ نے اکبر کو کہا تھا کہ ان کی تصویریں کھینچ کر بھیجو‘۔

انعام نے نفی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’نہیں، میں نے تو نہیں کہا تھا‘۔

بشریٰ بی بی مبینہ طور پر غصے میں کہہ رہی ہیں کہ ’تو تصاویر کیوں کھینچی تھیں، گھر کے اندر جو چیز آئے اس کی تصویر تو نہیں کھینچتے، صرف ان چیزوں کی تصاویر لینی چاہیے جو گھر سے باہر جا رہی ہیں، جو چیزیں میرے پاس آرہی ہیں ان کی تصاویر کیوں لی جا رہی ہیں‘۔

انعام نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تو بشریٰ بی بی دوبارہ کہتی ہیں کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ اس نے تصویر لینے کا کہا تھا اور اس پر وہ دوسرے شخص سے مخاطب ہوتی ہیں۔

بشریٰ بی بی دوسرے شخص سے پوچھتی ہیں کہ ’کیا آپ نے انعام کو تصاویر بھیجی ہیں‘، اس موقع پر انعام تردید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ انہیں تصاویر ملی ہیں لیکن تصاویر لینے کا نہیں کہا تھا۔

دوسرے شخص سے بشریٰ بی بی سوال کرتی ہیں ’کیا انعام نے آپ سے تصاویر لینے کا کہا تھا، کس نے کہا تھا تصویریں کھینچنے کو؟، کس نے؟،کیوں؟، گھر کے اندر والی کسی چیز کی تصویر نہیں کھینچتے کیونکہ وہ میرے پاس آرہی تھی، گھر سے جو باہر جاتی ہیں ان کی کھینچنی چاہیے‘۔

مبینہ آڈیو میں سابق خاتون اول کہہ رہی ہیں کہ ’گھر کے اندر آنے والی چیز کی کون تصویر کھینچتا ہے؟، کس چیز کا ثبوت؟، آپ کو کیا ضرورت ہے ثبوت دینے کی؟، آپ نے مجھ سے پوچھا ہے؟، سوری کا کیا مطلب؟ آپ لوگوں نے اس گھر کو تماشا بنایا ہوا ہے، ایم ایس ہم پر اعتماد کرکے بھیج رہا ہے، آپ کون ہوتے ہیں تصویریں کھینچنے والے‘۔

انعام سے بات کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کہتی ہیں کہ ’اور اس نے تصاویر تمہیں کیوں بھیجی ہیں؟‘۔

بشریٰ بی بی کو جواب میں انعام کہتا ہے کہ ’بی بی مجھے نہیں معلوم، مجھے بتایا گیا تھا کہ یہ چیزیں آئی ہیں اور ہم اندر دے رہے ہیں، جس پر میں کہا کہ بس آپ بی بی کو دے دیں، وہ بہتر جانتی ہیں‘۔

بشریٰ بی بی ایک مرتبہ پھر انعام سے کہتی ہیں ’ہم لوگوں نے کیا کرنا ہے تصویروں کا؟ آج کے بعد تم گھر کے اندر نہیں آؤ گے، سمجھ آئی‘۔

آڈیوز جوڑی گئی ہیں، فواد چوہدری

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اس حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ کسی کی اپنے رشتہ داروں کے ساتھ ذاتی گفتگو عام کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ’کسی چیز کا جوڑ نہیں ہے یا شروعات یا اختتام، اس وقت اکثر جو ہو رہا ہے وہ مختلف آڈیوز ریکارڈ کی جاتی ہیں اور پھر اس کو کاپی پیسٹ کرکے ملا دیا جاتا ہے‘۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مختلف آڈیوز اور ویڈیوز لیک ہوئی ہیں جن کی تاحال کوئی تصدیق نہیں ہوئی، اس کے پس منظر کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ اس طرح کی آڈیوز یا ویڈیوز سے سیاسی فائدہ حاصل کرے گا اور عمران خان کو کرپٹ ثابت کر پائے گا تو پھر خیالی دنیا سے باہر آئیں اور حقیقی دنیا میں داخل ہوں‘۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’انتہائی دھوکے باز اور چوروں کا تربیت یافتہ گینگ ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024