• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

عالمی شہرت یافتہ سوڈانی قاری ٹریفک حادثے میں جاں بحق

شائع November 7, 2020
شیخ نورین محمد صدیق دنیا بھر میں مشہور تھے—اسکرین شاٹ یوٹیوب
شیخ نورین محمد صدیق دنیا بھر میں مشہور تھے—اسکرین شاٹ یوٹیوب

متعدد مقابلہ حسن قرأت جیتنے والے عالمی شہرت یافتہ سوڈانی قاری شیخ نورین محمد صدیق دیگر 3 حافظ قرآن سمیت ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

شیخ نورین محمد صدیق کو ان کی منفرد قرأت کی وجہ سے دنیا بھر میں اور خصوصی طور پر مشرق وسطیٰ، افریقہ اور وسط ایشیا میں شہرت حاصل تھی اور ان کی قرأت کو انتہائی عقیدت سے سنا جاتا ہے۔

شیخ نورین محمد کو قدیم قرأت ’الدوری‘ کرنے کی وجہ سے زیادہ شہرت حاصل تھی، مقدس کتاب قرآن کریم کی قرأت کا مذکورہ انداز معروف عراقی عالم و قاری ابو امر حفص ابن عمر، ابن عبدالعزیز بغدادی نے 150 ہجری میں متعارف کرایا تھا۔

شیخ نورین محمد صدیق کی قرأت کو دنیا بھر کے مسلمان نہ صرف گھروں میں آڈیو اور ویڈیو کی صورت میں سنا کرتے ہیں بلکہ ان کی قرأت کو دوران سفر گاڑیوں، کاروں اور دیگر ٹرانسپورٹ میں بھی سنا جاتا ہے۔

شیخ نورین محمد صدیق نے دبئی، ملائیشیا و انڈونیشیا سمیت دیگر مشرق وسطی ممالک میں ہونے والے مقابلہ حسن قرأت میں حصہ لیا اور انہوں نے کئی مقابلے اپنے نام کیے۔

انہیں مشرق وسطیٰ کے افریقی ملک سوڈان میں بااثر شخصیات میں شمار کیا جاتا تھا۔

عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شیخ نورین محمد صدیق 6 نومبر کو دارالحکومت خرطوم کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے اور وہ مزید تین ساتھیوں سمیت انتقال کر گئے۔

سوڈان کے وزیر ثقافت نے بھی شیخ نورین محمد صدیق کے روڈ حادثے میں وفات پاجانے کی تصدیق کرتےہوئے بتایا کہ ان سمیت دیگر تین افراد بھی چل بسے۔

سوڈانی عرب ویب سائٹ السوڈانی نیوز کے مطابق شیخ نورین محمد صدیق دیگر 4 حافظ قرآن ساتھیوں سمیت سفر کر رہے تھے اور حادثہ اس قدر خطرناک تھا کہ معروف قاری 3 ساتھیوں سمیت وفات پاگئے۔

حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کا علاج جاری ہے، تاہم ان کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

شیخ نورین محمد صدیق کے مداحوں کی جانب سے ان کے نام سے بنائے گئے فیس بک پیج پر بھی ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔

شیخ نورین محمد صدیق کی وفات پر سوڈان کے عوام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024