• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

نیوزی لینڈ دوسرا ٹی20 بھی ہار گیا، بھارت کو سیریز میں 0-2 کی برتری

شائع January 26, 2020
لوکیش راہل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
لوکیش راہل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے لوکیش راہل اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسری ٹی20 میچ میں باآسانی 7وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اوپنرز نے 48رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

بھارت کو پہلی کامیابی ایک مرتبہ پھر مارٹن گپٹل کی شکل میں ملی جو 20 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنانے کے بعد شردل ٹھاکر کی وکٹ بن گئے۔

اسکور 68 تک پہنچا تو کولن منرو بھی 25 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شیوم دوبے کی گیند پر کپتان ویرات کوہلی کو کیچ دے بیٹھے۔

لیکن بھارتی ٹیم کو بڑی کامیابی اس وقت ملی جب کولن ڈی گرینڈ ہوم ایک اور مرتبہ ناکامی سے دوچار ہو کر پویلین لوٹے جبکہ 81 کے اسکور پر کین ولیمسن کی وکٹ گری تو نیوزی لینڈ کی ٹیم 81رنز پر چار کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس مرحلے پر روس ٹیلر اور ٹام سیفرٹ کی جوڑی نے 44 رنز جوڑ کر ٹیم کی کچھ داد رسی کی لیکن بھارتی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب وہ تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہے۔

ٹیلر نے 24 گیندوں پر 18 جبکہ سیفرٹ نے 33 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 132رنز ہی بنا سکی۔

بھارتی کی جانب سے رویندرا جدیجا دو وکتوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ٹھاکر، جسپریت بمراہ اور دوبے نے ایک ایک وکٹ لی۔

133 رز کے آسان ہدف کے تعاقب میں ٹم ساؤدھی نے اپنی ٹیم کو ابتدا میں ہی روہت شرما کی قیمتی وکٹ دلا کر کچھ آس دلائی جبکہ 39 کے مجموعی اسکور پر کوہلی کی اننگز بھی صرف 11 رنز پر تمام ہوئی۔

اس مرحلے پر لوکیش راہل وکٹ پر ڈٹ گئے اور ان فارم بلے باز نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 57رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 15 گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، شریاس آئیر نے بھی 3 چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔

اس میچ میں 7 وکٹوں سے فتح کی بدولت بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری بھی حاصل کر لی۔

لوکیش راہل کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024