نیوزی لینڈ 203 رنز بنا کر بھی بھارت کےخلاف ٹی20 میچ ہار گیا
آکلینڈ: لوکیش راہل اور شیریاس آئیر کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
جمعہ کو آکلینڈ کے مقام پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
مزید پڑھیں: شعیب ملک کی ففٹی، پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کامیاب
اوپنرز نے نیوزی لینڈ کو 80 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جس کے بعد مارٹن گپٹل 30 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اینڈ سے کولن منرو نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کپتان کین ولیمسن کے ہمراہ اسکور کو 116 تک پہنچا دیا۔
اس مرحلے پر نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 59 رنز بنانے والے کولن منرو کے بعد اگلے ہی اوور میں جارح مزاج آل راؤنڈر کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی پویلین لوٹ گئے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑیوں ولیمسن اور روس ٹیلر کی جوڑی نے میدان سنبھالا اور صرف 28 گیندوں پر 61رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
البتہ اختتامی اوورز میں میزبان ٹیم تیر رفتار یسے رنز نہ بنا سکی جس کا خمیازہ انہیں میچ میں شکست کی صورت میں اٹھانا پڑا۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے، ولیمسن نے 26 گیندوں پر 4 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 51 جبکہ ٹیلر نے 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: پیسوں کیلئے بھارت کی تعریف کرنے کا طعنہ دینے پر شعیب کا سہواگ کو جواب
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، شردل ٹھاکر، یزویندر چاہل، شیوم ڈوبے اور رویندرا جدیجا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دوسرے ہی اوور میں ان فارم روہت شرما کی قیمتی وکٹ سے محروم ہو گئی لیکن اس کے بعد لوکیش راہل اور کپتان ویرات کوہلی وکٹ پر ڈٹ گئے۔
دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 50 گیندوں پر 99 رنز کی ساجھے داری قائم کی جس کی بدولت بھارت نے اسکور کا کامیابی سے تعاقب جاری رکھا۔
تاہم نیوزی لینڈ کی طرح بھارت کی ٹیم بھی یکے بعد دیگرے دوسری اور تیسری وکٹ گنوا بیٹھی اور 56 رنز بنانے والے راہل کے بعد کوہلی بھی 45 رنز بنا کر چلتے بنے۔
مزید پڑھیں: عدنان صدیقی کے ساتھ تصویر شیئر کرنا زینب عباس کو مہنگا پڑ گیا
دو اہم وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں نیوزی لینڈ کی واپسی کی امید پیدا ہوئی اور اش سودھی نے شیوم ڈوبے کو بھی چلتا کردیا لیکن شریاس آئیر نیوزی لینڈ کی فتح کی راہ میں حائل ہو گئے۔
انہوں نے 29گیندوں 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر تن تنہا اپنی ٹیم کو ایک اوور قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی۔
بھارت نے ایک اوور قبل ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
شیریاس آئیر کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔