ہاشم آملا جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب
جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور خراب فارم کے باوجود تجربہ کار ہاشم آملا اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ کرس مورس ٹیم کا حصہ نہ بن سکے۔
جمعرات کو جنوبی افریقی سلیکٹرز نے ایونٹ کے لیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں سب سے مشکل مرحلہ ہاشم آملا کی سلیکشن کا فیصلہ کرنا تھا۔
گزشتہ ایک سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں ہاشم آملا کیریئر کے انتہائی برے دور سے گزرے ہیں اور ان کی خراب فارم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2018 کے آغاز سے اب تک وہ 16اننگز میں 35.26 کی اوسط سے رنز کر سکے۔
انہیں فارم کے حصول کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کیا گیا لیکن 6 اننگز میں ان کا سب سے بڑ اسکور 32رنز رہا لیکن سلیکٹرز نے آملا کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ٹیم کا حصہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اسکواڈ سے سب سے حیران کن اخراج آل راؤنڈر کرس مورس کا ہے جو ناصرف انڈین پریمیئر لیگ میں بہترین فارم میں نظر آ رہے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اختتامی اوورز میں ان کی باؤلنگ کی صلاحیت انہیں ممتاز بناتی ہے تاہم اس کی جگہ سلیکٹرز نے ڈیوین پریٹوریس اور ایندائل فلکوایو کو منتخب کیا حالانکہ ان دونوں کے کسی بھی میچ میں ایک ساتھ کھیلنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
لنگی نگیدی اور اینرچ نورٹجے دونوں انجری کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں منتخب کیا گیا ہے۔
ریسی وین در دوسن نے رواں سال جنوری نے ڈیبیو کیا لیکن 8 ون ڈے اننگز میں 88.25 کی اوسط سے اسکور کرنے والے بلے باز کو سلیکٹرز منتخب کرنے پر مجبور ہو گئے اور اور ریزا ہینڈرکس کو ان کے لیے جگہ خالی کرنا پڑی۔
اسکواڈ کی قیادت فاف ڈیو پلیسی کریں گے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ فارم کو دیکھتے ہوئے ایڈن مرکرم کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔
اسکواڈ میں تجربہ کار جین پال ڈومینی اور ڈیل اسٹین بھی شامل ہیں جبکہ عمران طاہر کے ساتھ ساتھ تبریز شمسی بھی اسپن کے شعبے کو سنبھالیں گے۔
اسکواڈ میں کوئنٹن ڈی کوک واحد وکٹ کیپر ہیں اور جنوبی افریقہ نے ان کے متبادل کے طور پر ڈیوڈ ملر پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں جارح مزاج بلے باز وکٹ کیپنگ کی اضافی ذمے داریاں سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں یہ ذمے داری انجام دے بھی چکے ہیں۔
جنوبی افریقہ ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 30 مئی سے میزبان انگلینڈ کے خلاف اوول میں میچ سے کرے گا۔
ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
فاف ڈیو پلیسی(کپتان)، ہاشم آملا، کوئنٹن ڈی کوک، ریسی وین در دوسن، ڈیوڈ ملر، جین پال ڈومینی، ایڈن مرکرم، ڈیوین پریٹوریس، ایندائل فلکوایو، کگیسو ربادا، ڈیل اسٹین، لنگی نگیدی، اینرچ نورٹجے، عمران طاہر اور تبریز شمسی۔