• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نیوزی لینڈ لگاتار تیسرا ون ڈے ہار گیا، سیریز بھارت کے نام

شائع January 28, 2019
ویرات کوہلی نے میچ میں 60رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی نے میچ میں 60رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

مائونٹ مانگنوئی: ویرات کوہلی اور روہت شرما کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پیر کو نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان مائونٹ مانگنوئی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں میزبان کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز کچھ خاص نہ تھا اور 59 رنز پر دونوں اوپنرز سمیت تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، کولن منرو 7، مارٹن گپٹل 13 اور ولیمسن 28رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر روس ٹیلر اور ٹام لیتھم نے محتاط انداز میں ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور چوتھی وکٹ پر 119 رنز کی شراکت دار قائم کر کے ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی کی راہ ہموار کی۔

اس موقع پر ٹام لیتھم کی عمدہ اننگز کا خاتمہ ہوگیا اور وہ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 51 رنز بناکر یزویندر چاہل کی وکٹ بنے۔

لیتھم کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا اور دوسرے اینڈ سے ٹیلر کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود پوری ٹیم 243 رنز پر پویلین لوٹ گئی، روس ٹیلر نے 93رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی طرف سے محمد شامی نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 جبکہ چاہال، بھوونیشور کمار اور ہردک پانڈیا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

244 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارت کی طرف سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اپنی ٹیم کو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا، شیکھر دھون 28 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے دوسری وکٹ پر 113 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کے مجموعی اسکور کو 152 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر روہت شرما 62 رنز بناکر مچل سینٹنر کی گیند پر ٹام لیتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے جبکہ کوہلی کی اننگز بھی 60 کے انفرادی اسکور پر تمام ہوئی۔

168 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد نیوزی لینڈ کی میچ میں واپسی کی موہوم سی امید پیدا ہوئی لیکن امبتی رائیڈو اور دنیش کارتھک نے چوتھی وکٹ کے لیے 77 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 7 اوورز قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا، رائیڈو 40 اور کارتھک 38 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

میچ میں 7وکٹ سے فتح کی بدولت بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ سینٹنر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

محمد شامی کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024