• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

روہت شرما کی سنچری رائیگاں، بھارت پہلے ون ڈے میں ناکام

شائع January 12, 2019
جھائے رچرڈسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے پی
جھائے رچرڈسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے پی

روہت شرما کی شاندار سنچری کے باوجود آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ون ڈے میچ میں 34رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

سڈنی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

آسٹریلیا نے عثمان خواجہ، پیٹر ہینڈزکومب اور شان مارش کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔

پیٹر ہینڈز کومب 61گیندوں پر دو چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 73رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ عثمان خواجہ نے 59، مارش نے 54 اور مارکس اسٹوئنس نے 47رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے بھوونیشور کمار اور کلدیپ یادو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا اور 4رنز پر اس کے تین کھلاڑی شیکھر دھاون، ویرات کوہلی اور امبتی رائیڈو پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر روہت شرما کا ساتھ دینے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 137رنز کی شراکت قائم کر کے ابتائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب دھونی 51 رنز بنانے کے بعد جیسن بہرن ڈروف کی گیند پر وکتوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار پائے۔

دوسرے اینڈ پر موجود روہت شرما نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 22ویں سنچری مکمل کی لیکن دھونی کے بعد کوئی اور بلے باز ان کا ساتھ نہ دے اور بھارتی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔

بڑھتے ہوئے رن ریٹ اور مستقل گرتی ہوئی وکٹوں کے سبب روہت کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 6 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان 254رنز بنا سکی اور آسٹریلیا نے میچ میں 34رنز سے فتح حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

آسٹریلیا کے جھائے رچرڈسن کو 26 رنز کے عوض 4وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024