• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سڈنی میں بھارت کے خلاف آسٹریلین باؤلنگ بے بس

شائع January 3, 2019 اپ ڈیٹ January 4, 2019
چتیشور پجارا نے کیریئر کی 18ویں سنچری بناتے ہوئے 16چوکوں کی مدد سے 130رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
چتیشور پجارا نے کیریئر کی 18ویں سنچری بناتے ہوئے 16چوکوں کی مدد سے 130رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

سڈنی: چتیشور پجارا اور ماینک اگروال کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اپنی پوزیشن مضبوط کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنا لیے ہیں۔

جمعرات کو سڈنی میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 10 کے مجموعی اسکور پر لوکیش راہل 9 رنز بناکر جوش ہیزل وُڈ کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد ماینک اگروال اور چتیشور پجارا نے انتہائی شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھانا شروع کیا اور اس دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کرلیں۔

دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 116 رنز بناکر ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا لیکن اگروال 77 رنز بنا کر نیتھن لایون کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد پجارا کا ساتھ دینے کپتان کوہلی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 180 تک پہنچا دیا لیکن اس سے قبل کوہلی مزید خطرناک ثابت ہوتے، ہیزل وُڈ نے 23رنز بنانے والے بلے باز کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

اجنکیا راہانے کی اننگز بھی 18رنز پر تمام ہوئی اور بھارتی ٹیم 228رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی۔

اس مرحلے پر پجارا کا ساتھ دینے ہنوما ویہاڑی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور اب تک پانچویں وکٹ کے لیے 75رنز جوڑ چکے ہیں۔

میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارتی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنا لیے تھے، پجارا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی 18ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی اور 130 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ویہاڑی نے 39رنز بنائے۔

یاد رہے کہ بھارت کو 4 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل ہے اور اگر وہ یہ ٹیسٹ میچ جیت جاتی ہے تو آسٹریلین سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ایشین ٹیم بن جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024