• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

گپٹل کی سنچری، نیوزی لینڈ پہلے ون ڈے میں کامیاب

شائع January 3, 2019
مارٹن گپٹل نے 5 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 138رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
مارٹن گپٹل نے 5 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 138رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

ماؤنٹ مونگنوئی: مارٹن گپٹل اور کپتان کین ولیمسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

جمعرات کو ماؤنٹ مونگنوئی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ کو ابتدا میں ہی کولن منرو کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جو صرف 13رنز بنا سکے، لیکن اس کے بعد کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل مہمان باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 163 رنز بناکر ٹیم کے مجموعی اسکور کو 186 رنز تک پہنچا دیا، تاہم اس موقع پر پرادیپ نے 76 رنز بانے والے حریف کپتان ولیمسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔

دوسرے اینڈ پر موجود مارٹن گپٹل نے کرکٹ میں اپنی واپسی کو یادگار بناتے ہوئے سنچری مکمل کی اور روس ٹیلر کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے مزید 88 رنز جوڑ کر ٹیم کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔

اوپننگ بلے باز 138رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، جبکہ ٹیلر نے 54 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں جیمز نیشام نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 47 رنز بنائے جس میں تھسارا پریرا کے ایک اوور میں مارے گئے 5 چھکے بھی شامل تھے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنائے۔

سری لنکا کی طرف سے لاستھ ملنگا، پردیپ اور پریرا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

372 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نروشن ڈکویلا اور گناتھیلاکا نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 119رنز کی شراکت قائم کی۔

البتہ شاندار آغاز کے بعد دونوں اوپنرز یکے بعد دیگرے 76 اور 43 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

کوشل مینڈس نے کوشل پریرا کے ہمراہ اسکور کو 178 تک پہنچایا لیکن 18رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت جواب دے گئی جبکہ دنیش چندیمل 10، اسیلا گونارتنے 11 اور تھسارا پریرا 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

پریرا نے تن تنہا شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا اور بالآخر وہ بھی 102 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کو وکٹ دے بیٹھے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 326 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے میچ میں 45 رنز سے فتح سمیٹ کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے جیمز نیشام نے 3 جبکہ اش سودھی، لوکی فرگیوسن اور ٹرینٹ بولٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

مارٹن گپٹل کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024