• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ولیمسن نے تاریخ رقم کردی، کوہلی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

شائع December 11, 2018 اپ ڈیٹ December 12, 2018
کین ولیمسن نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کھیل پیش کیا تھا— فوٹو: اے ایف پی
کین ولیمسن نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کھیل پیش کیا تھا— فوٹو: اے ایف پی

دبئی: نیوزی لینڈ کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں نئی تاریخ رقم کردی اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی پہلی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی ہے۔

منگل کو آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بلے بازوں میں کوہلی بدستور سرفہرست ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ولیمسن ایک درجہ ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے اور انہوں نے سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا۔

اس طرح ولیمسن 900 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے بلے باز بھی بن گئے ہیں، جبکہ وہ مجموعی طور پر 900 یا زائد ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے دوسرے کیوی کھلاڑی ہیں۔

اس سے قبل رچرڈ ہیڈلی نے باؤلنگ کے شعبے میں 900 پوائنٹس کے ہندسے کو عبور کیا تھا۔

کین ولیمسن کے اس وقت 913 ریٹنگ پوائنٹس ہو گئے جس کے ساتھ ہی انہوں نے پہلے نمبر پر موجود کوہلی کے لیے خطرات پیدا کر دیے ہیں، جن کے ریٹنگ پوائنٹس 920 ہیں اور اگر ولیمسن سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہیں تو ممکنہ طور پر کوہلی کو اس پوزیشن سے محروم کر دیں گے۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے مین آف دی میچ چتیشور پجارا کو عمدہ بیٹنگ کا انعام مل گیا اور وہ دو درجہ ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے جبکہ نیوزی لینڈ کے ہنری نیکولس 8 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور نویں پوزیشن سنبھال لی۔

پاکستان کے بلے باز اظہر علی 2 درجے بہتری کے ساتھ دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے جبکہ اسد شفیق ایک سیڑھی چڑھ کر 21ویں اور بابر اعظم تین درجے بہتری کے بعد 35ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

آسٹریلین بلے باز عثمان خواجہ تین درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے اور 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں البتہ شان مارش 6 درجے ترقی کے ساتھ 38ویں، ٹم پین 4 درجے ترقی کے ساتھ 55ویں اور ٹریوس ہیڈ 17 درجے چھلانگ لگا کر 80ویں نمبر پر آ گئے۔

باؤلرز میں جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان کے محمد عباس ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے۔

بھارت کے روی چندرن ایشون ایک سیڑھی چڑھ کر چھٹے نمبر پر آ گئے البتہ یاسر شاہ نویں نمبر پر اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

اس کے علاوہ نیتھن لایون 14ویں، مچل اسٹارک 2 درجے ترقی کے ساتھ 16ویں، جسپریت بمراہ 5 درجے بہتری کے ساتھ 33ویں، کیوی اسپنر سومر ویلی کی 63ویں پوزیشن کے ساتھ رینکنگ میں انٹری ہوئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024