• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

سرفراز ایشیا کپ میں عمدہ کارکردگی اور ٹائٹل جیتنے کیلئے پرعزم

شائع September 14, 2018
ایشیا کپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر افغانستان، بنگلہ دیش، پاکستان، بھارت، سری لنکا اور ہانک کانگ کے کپتان موجود ہیں— فوٹو: اے پی
ایشیا کپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر افغانستان، بنگلہ دیش، پاکستان، بھارت، سری لنکا اور ہانک کانگ کے کپتان موجود ہیں— فوٹو: اے پی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایشیا کپ 2018 کا افتتاحی میچ کل بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور آج متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹرافی کی تقریب رونمائی کی گئی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: تاریخ کے جھروکوں سے

تقریب رونمائی کے موقع پر دفاعی چیمپیئن بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانک کانگ کے کپتان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر آپ ایشیا کپ کی بات کریں تو براعظم کی چھ بہترین کرکٹ ٹیمیں اس میں مدمقابل ہوتی ہیں لہٰذا ہم کوشش کریں گے کہ بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2012 میں ٹائٹل جیتا جبکہ 2014 میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا لہٰذا اس مرتبہ ہماری کوشش ہو گی کہ مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔

یہ بھی پڑھیں: ’میں کامران اکمل کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہوں‘

19ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے حوالے سے سرفراز نے کہا کہ دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان میچ ہمیشہ ہی بہت دلچسپ ہوتا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں جو ماحول ہوتا ہے، وہ میں نے آج تک کسی اور ٹیم کے میچ میں نہیں دیکھا۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہمیشہ ہی بہت سنسنی خیز ہوتا ہے، دونوں ٹیمیں ایک عرصے سے اچھی کرکٹ کھیل رہی ہیں اور ہماری نظریں پاکستان کے خلاف میچ پر مرکوز ہیں لیکن ایونٹ میں شریک دیگر ٹیمیں بھی بہت اچھی ہیں جن کی نظریں ٹائٹل کے حصول پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ابھی کافی دور ہے اور اس سے قبل تمام ہی ٹیموں کو متعدد میچز کھیلنے ہیں لیکن یہ ایونٹ عالمی کپ کی تیاریوں کا نقطہ آغاز ہے اور یہ کھلاڑیوں کے لیے بھی اچھی کارکردگی دکھا کر عالمی کپ کے اسکواڈ میں جگہ بنانے کا بہترین موقع ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین فاسٹ باؤلر بن گئے

ایونٹ کا پہلا میچ کل بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ اتوار کو ہانک کانگ کے خلاف کھیلے گی۔

ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 19ستمبر کو مدمقابل ہوں گی جبکہ ایشیا کپ کا فائنل 28ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024