• KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:48am
  • LHR: Fajr 5:06am Sunrise 6:30am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:40am
  • KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:48am
  • LHR: Fajr 5:06am Sunrise 6:30am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:40am

وزیر اعلیٰ سندھ، وفاق سے دوستانہ مراسم کے خواہاں

شائع September 3, 2018
گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے ہمراہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے ہمراہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی پی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ دوستانہ مراسم قائم کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن مرکز کو بھی سندھ کے حقوق کا خیال رکھنا ہوگا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر جاری تین روزہ عرس کی اختتامی تقریبات کے سلسلے میں مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

مزید پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسماعیل کی مزار قائد پر حاضری

عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے باہر گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ اور گورنر سندھ صوبے اور اس کے عوام کی خوشحالی کے لیے دعا کرنے کے لیے اکٹھا مزار پر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاق کے ساتھ مل کر کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں، شاید مسائل کو حل کرنے کے ہمارے طریقہ کار سے چند مسائل آئیں لیکن آئین کی رہنمائی سے وہ مسائل حل کر لیے جائیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں مصروف تھے اس لیے عبداللہ شاہ غازی کے عرس کا افتتاح نہیں کر سکے لہٰذا انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ نئی روایت قائم کرنے کے لیے عرس کی اختتامی رسومات مل کر انجام دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم ہاؤس کی لگژری گاڑیوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے دن بھی انہوں نے وفاقی حکومت کے ساتھ دوستانہ انداز میں مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاکہ مرکز اور صوبے کے درمیان ضروری مسائل کو مل کر حل کیا جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ٹرانسفر اور تعیناتیوں کے لیے مشاورت کا عمل درکار ہوتا ہے، اس مرتبہ ہمارے افسران کا دوسرے صوبوں یا وفاق میں ٹرانسفر کرتے ہوئے مشاورت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ہم نے وفاقی حکومت کے سامنے یہ مسئلہ اٹھایا اور امید ہے کہ خوش اسلوبی سے اسے حل کر لیا جائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موجود تمام گاڑیوں کو وہ استعمال نہیں کرتے بلکہ وہ صرف ایک گاڑی استعمال کرتے ہیں اور جب کبھی بھی وزیر اعظم، چیف جسٹس آف پاکستان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی یا دیگر اعلیٰ شخصیات صوبے کا دورہ کرتی ہیں تو گاڑیاں ان کو استعمال کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: مراد علی شاہ کون ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی، نوابشاہ کے ایک طالب علم کی جانب سے مبینہ طور پر ٹیچر کو بلیک میل کیے جانے کے واقعے کا انہوں نے سختی سے نوٹس لیا ہے اور نوابشاہ کے کمشنر سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے جس کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔

گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ وہ وزہر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے تاکہ مرکز اور صوبے کے درمیان مسائل پر بات کر کے انہیں حل کیا جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024