• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مریم نواز کے متبادل امیدواروں کو ’شیر‘ کا نشان الاٹ

شائع July 10, 2018

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ 127 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 173 لاہور سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے متبادل امیدواروں کو شیر کا نشان دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے این اے 127 اور پی پی 173 سے مریم نواز کے متبادل امیدوار کو شیر کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی نا اہلی کے بعد این اے 127 سے متبادل امیدوار علی پرویز جبکہ پی پی 173 سے عرفان شفیق کو شیر کا نشان الاٹ کیا جائے، الیکشن کمیشن کو پاس ایسا کرنے کے مکمل اختیارات حاصل ہیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز کی 13 جولائی کو پاکستان آئیں گے

ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ ایسے ہی ایک فیصلے میں متبادل امیدوار کو پارٹی نشان الاٹ کر چکی ہے، لاہور ہائی کورٹ نے 9 جولائی کو این اے 105 فیصل آباد کے لیے بھی ایسا ہی فیصلہ دیا تھا.

اس پر رکن کے پی کے ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ عدالت نے ایسا فیصلہ دیا ہے تو آپ ہائی کورٹ کے پاس ہی چلے جاتے۔

دوران سماعت سندھ کے رکن عبدالغفار سومرو کا کہنا تھا کہ اس وقت بیلٹ پیپرز کی چھپائی جاری ہے، رکن پنجاب الطاف ابراہیم کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹس کو بھی سوچنا چاہیے کہ کیا ایسا ممکن ہے یا نہیں۔

اس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہے، بہت مہنگا بیلیٹ پیپر ہے، عدالتوں کو فیصلہ دینے سے پہلے پوچھنا چاہیے.

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اگر 3، 4 ایسے فیصلے مزید ہوگئے تو ہمارے پاس بیلٹ پیپرز کا کاغذ ختم ہوجائے گا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے اس درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کرلی گئی اور مریم نواز کے متبادل امیدواروں کو شیر کا نشان الاٹ کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ این اے 127 سے علی پرویز اور پی پی 173 عرفان کھوکھر شیر کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے این اے 146 پاکپتن سے رانا ارادت شریف کو بھی شیر کا نشان دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت

یاد رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے مریم نواز کو 10 سال تک عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دینے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے متبادل امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیا تھا۔

اس سلسلے میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-127 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی-173 سے مسلم لیگ (ن) کے نئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے تھے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 سے مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک کے صاحبزادے علی پرویز ملک جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 173 سے عرفان شفیع کھوکھرکو پارٹی ٹکٹ دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024