جسٹس (ر) دوست محمد خان نے نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھالیا
پشاور: جسٹس (ر) دوست محمد خان نے خیبرپختونخوا کے نگراں وزیرِ اعلیٰ کا حلف اٹھالیا۔
گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے جسٹس (ر) دوست محمد خان سے نگراں وزیراعلیٰ کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جسٹس (ر) دوست محمد خان کا کہنا تھا کہ انہیں آئینِ پاکستان نے جو ذمہ داری دی ہے وہ اسے نبھائیں گے اور ملک میں عام انتخابات وقت پر صحیح طریقے سے کرائیں گے۔
یاد رہے کہ 25 مئی کو خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کی مدت پوری ہونے کا وقت قریب آتے ہی صوبے میں حکمراں جماعت اور اپوزیشن نے ابتدائی طور پر منظور آفریدی کے نام پر اتفاق کرلیا تھا، جس کی منظوری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے بھی دے دی تھی۔
نگران وزیراعلیٰ کے نام کا باضابطہ اعلان 27 مئی کو کیا جانا تھا، لیکن پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے منظور آفریدی کو خیبر پختونخوا کا نگراں وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کا فیصلہ تعطل کا شکار
حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیرِاعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کیا گیا تھا، تاہم کمیٹی بھی اس معاملے میں کسی مثبت پیش رفت میں ناکام ہوگئی جس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے سپرد کر دیا گیا۔
بعدِ ازاں 5 جون کو الیکشن کمیشن نے جسٹس (ر) دوست محمد خان کو خیبرپختونخوا کے لیے نگراں وزیرِاعلیٰ مقرر کردیا تھا۔
یاد رہے کہ منظور آفریدی پر تحریک انصاف کے سینیٹر کے بھائی ہونے پر اپوزیشن سمیت پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے بھی تنقید کی جارہی تھی، جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اس پر سوالات اٹھائے تھے۔
واضح رہے کہ حکومتی مدت پوری ہونے کے بعد سے اب تک صرف سندھ میں فضل الرحمٰن نے نگراں وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا ہے جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اب تک اتفاق نہیں ہوسکا۔