ملک کے ساتویں نامزد نگراں وزیراعظم کون؟
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے مشترکہ طور پر سابق چیف جسٹس (ر) ناصر الملک کو ملک کا ساتواں نگراں وزیراعظم نامزد کردیا۔
جسٹس (ر) ناصر الملک 17 اگست 1950 کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1972 میں پشاور یونیورسٹی سے ایل ایل بی مکمل کیا۔
1976 میں انہوں نے لندن سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی اور 17 سال تک پشاور ہائی کورٹ میں پریکٹس لائر رہے۔
مزید پڑھیں: انتخابات 2018: جسٹس (ر) ناصر الملک نگراں وزیرِاعظم نامزد
جسٹس (ر) ناصر الملک نے اپنے عدالتی کیریئر کا آغاز 1994 میں کیا اور 6 جون کو وہ پشاور ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور 2004 تک اسی منصب پر رہے۔
بعد ازاں صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد 31 جولائی 2004 کو جسٹس (ر) ناصر الملک پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے جبکہ 2005 میں انہیں سپریم کورٹ آف پاکستان منتقل کردیا گیا۔
اس کے علاوہ 30 نومبر 2013 سے 6 جولائی 2014 تک انہوں نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر پاکستان کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔
یہ بھی پڑھیں: حکمراں جماعت،اپوزیشن نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق کرنے میں ناکام
6 جولائی 2014 کو جسٹس (ر) ناصر الملک نے پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا اور 16 اگست 2015 تک اپنے منصب پر فائز رہے۔