برطانوی کمپنی ٹیسکو کی مصنوعات پاکستان میں فروخت ہوں گی
کراچی: برطانیہ کی مختلف مصنوعات فروخت کرنے والی بڑی کمپنی ٹیسکو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کو فروخت کے لے پاکستانی سپر مارکیٹس میں پیش کرے گی۔
کمپنی کو بڑھتے ہوئے متوسط طبقے والے ملک میں اپنے منافع میں اضافے کی توقع ہے۔
ٹیسکو مغربی یورپ کی سست رفتار مارکیٹ کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جب کہ پاکستان بھی 2008 کے مقابلے ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر سامنے آ رہا ہے، وہاں کی مضبوط ہوتی معیشت کی وجہ سے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے’رائٹرز‘ سے بات کرتے ہوئے ٹیسکو میں نئی مارکیٹوں کے سربراہ جیرڈ لیبل کا کہنا تھا کہ’ وہ پاکستان میں موجود ایلفا ہول سیل سپر مارکیٹ کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کرنے پر رضا مند ہو گئے ہیں، جس کے تحت ٹیسکو کی مصنوعات ان کے 2 اسٹورز پر رکھی جائیں گی‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایلفا اسٹورز کی مالک کمپنی لائم اسٹون پرائیویٹ لمیٹڈ نے ٹیسکو کی مصنوعات فروخت کے لیے پیش کرنے کے لیے آئندہ 3 سال کے دوران 50 چھوٹے ایکسپریس اسٹورز جب کہ 4 ایلفا اسٹورز کھولنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں ایک مارکیٹ کے طور پر آنے کے لیے پرجوش ہیں، وہاں صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ہمیں آنے پر مجبور کیا۔
لائم اسٹون کی بزنس ڈیولپمنٹ کی ہیڈ فوزیہ کھوڑو کے مطابق ٹیسکو کی مصنوعات 10 دن کے اندر مارکیٹ میں دھوم مچانے آ جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایلفا سپرمارکیٹ ملک کا واحد اور پہلا اسٹور ہوگا جو ٹیسکو کی مصنوعات کو فروخت کے لیے پیش کرے گا، اسٹورز پر ٹیسکو کے تازہ اور تیار شدہ کھانوں سمیت تمام قسم کی مصنوعات فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ ٹیسکو اور ایلفا اسٹور میں پارٹنر شپ کے معاہدہ کا اعلان پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اورلائم اسٹاک کے نمائندے نے رواں ہفتے کراچی میں کیا تھا۔