کوئٹہ میں بس پر فائرنگ، 4 خواتین ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بس پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 خواتین ہلاک اور ایک زخمی ہوگئی۔
بس پر فائرنگ کوئٹہ کے علاقے کیرانی روڈ پود کلی میں گئی جبکہ مقامی بس شہر سے ہزارہ ٹاؤن جارہی تھی۔
پولیس عہدیدار نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ 2 موٹرسائیکل سوار ملزمان نے مقامی بس پر فائرنگ کی، جس سے 4 خواتین ہلاک ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خواتین کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔
کوئٹہ پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والیی بس پبلک ٹرانسپورٹ کی تھی، جس میں 8 خواتین سوار تھیں جن میں سے 5 کو نشانہ بنایا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بس میں تقریباْ 40 افراد سوار تھے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ زخمی خاتون کو علاج کے لیے بولان میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کوئٹہ میں بس پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس کی رپورٹ طلب کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں لاء کالج کے پرنسپل قتل
انہوں نے فائرنگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اطہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے حالات کشیدہ ہیں اور 15 سالوں میں اقلیتی برادری کو نشانہ بنائے جانے کے ایک ہزار 400 سے زائد واقعات پیش آچکے ہیں۔