ماڈل ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے بینظیرانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مشہور پاکستانی ماڈل ایان علی کے سامان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہونے کے بعد ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ماڈل اسلام آباد سے دبئی جانے کے لیے نجی ایئر لائن کے طیارے میں سوار ہونا چاہتی تھیں۔
نمائندہ ڈان نیوز نے ایئرپورٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشہور سپر ماڈل ایان علی اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جا رہی تھیں کہ چیکنگ کے دوران ان کے بیگ سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔
واضح رہے کہ اتنی بڑی رقم لے جانا کسٹم قوانین کے خلاف ہے اور منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔
اس واقعے کے بعد کسٹم حکام نے ماڈل کو حراست میں لے لیا اور انھیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کرایا گیا، کیونکہ خواتین کو حراست میں لیے جانے سے قبل ان کی طبی جانچ پڑتال لازمی قرار دی گئی ہے۔
طبی معائنے کے بعد ایان علی سے مزید تفتیش کی گئی، تاہم وہ کوئی معقول وجہ بتانے میں ناکام رہیں ، جس کے بعد ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نمائندے کے مطابق معانئے کے بعد مذکورہ ماڈل کو جیل بھجوائے جانے کے امکانات ہیں۔