• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

محرم الحرام کا چاند نظر آگیا،یوم عاشور 4نومبر کو ہوگا

شائع October 25, 2014
فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی/اسلام آباد: محرم الحرام کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد کل ملک بھر میں یکم محرم الحرام ہوگی جبکہ یوم عاشور 4نومبر (منگل کو) ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق چاند نظر آنے کی پہلی شہادت اسلام آباد سے موصول ہوئی جبکہ کراچی میں بھی چاند دیکھا گیا۔

مفتی منیب الرحمن کی عدم موجودگی میں کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی محمد ابراہیم کی زیرصدارت ہوا۔

مفتی محمد ابراہیم پریس کانفرنس کر رہے ہیں
مفتی محمد ابراہیم پریس کانفرنس کر رہے ہیں

مفتی محمد ابراہیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد، کراچی، ژوب، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، مالا کنڈ، فیصل آباد، بھکر ، شور کوٹ اور ملک کے اکثر علاقوں سے چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان نے بھی ازخود چاند دیکھا ہے۔

مفتی محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ متفقہ طور پر یہ طے پایا کہ یکم محرم الحرام 1436ہجری (بروز اتوار) یعنی 26 اکتوبر 2014 کو ہو گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یوم عاشور یعنی 10 محرم الحرام 4 نومبر بروز منگل کو ہو گی۔


محرم الحرام میں سیکورٹی اقدامات


محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن امان کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیلی کاپٹرز سے نگرانی کی جائے گی۔

دفعہ 144 نافذ اور ڈبل سواری پر پابندی

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاورمیں 10محرم الحرام تک دفعہ 144نافذ کر کے غیرملکیوں کاداخلہ بند کردیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور شہر میں افغان مہاجرین کے داخلے پر پابندی ہوگی ۔۔

موبائل فون سروسز کی بندش

پنجاب میں موبائل فون سروس بند کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں جامع سیکورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

پنجاب میں 9 اور 10 محرم کو موبائل سروس بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

سیکورٹی خدشات کے باعث ضرورت پڑنے پر کسی بھی ضلع میں رینجرز یا فوج بھی تعینات کی جاسکتی ہے۔

فوج کی تعیناتی کی سفارش

سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں حساس اداروں نے محرم کے دوران دہشت گردی کی بڑی کارروائی کاخطرہ ظاہر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ پولیس نے محکمہ داخلہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں صوبے بھر میں فوج بھی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

سندھ میں یکم سے 12محرم تک لائسنس والا اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق یکم سے 30محرم تک اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔

خفیہ اداروں نے محرم الحرام کے دوران کراچی میں کالعدم تنظیموں کی جانب سے کارروائی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024