• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ملتان: جاوید ہاشمی کو عامر ڈوگر کے ہاتھوں شکست

شائع October 16, 2014 اپ ڈیٹ October 17, 2014
فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر چکا ہوں، ملک عامر ڈوگر

ملتان : این اے 149 ملتان کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر چکا ہوں، تبدیلی کےسفرمیں تحریک انصاف کےساتھ چلوں گا۔

غیر سرکاری نتائج سامنے آنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپنے حلقے کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑوں گا، تحریک انصاف کی حمایت کی بدولت کامیابی ملی،عمران خان اور شاہ محمود قریشی کا شکر گزار ہوں،عوام نے مجھے بھاری اکثریت سے منتخب کیا۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ حکومتی مشینری اور وسائل کے استعمال کے باوجود جیت ہماری ہوئی، کراچی سے خیبر تک تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔

ملتان نے بتا دیا کہ عزت اورذلت کس کو ملی،عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملتان کی عوام نے بتا دیا کہ عزت کس کو اورذلت کس کو ملی، دنیا کی کوئی طاقت اب نئے پاکستان کو بننے سے نہیں روک سکتی۔

اسلام آباد میں حکومت کے خلاف 14 اگست سے جاری دھرنے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر اکیلا بھی رہ گیا تو ہار نہیں مانوں گا، وزیر اعظم کا استعفی لیے بغیر واپس نہیں جاوں گا۔

کراچی میں میں پیپلز پارٹی کے 18اکتوبر کے جلسے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جلسے میں ’’گو نواز گو‘‘ زیادہ ہوگا، آئندہ عید سے پہلے نیا پاکستان بن جائے گا۔

عامرڈوگرکی کامیابی تحریک انصاف کی کامیابی ہے، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملتان نے باغی کو داغی کر دیا،عامرڈوگرکی کامیابی پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی ہے،جاوید ہاشمی سے کوئی ذاتی جھگڑانہیں ان کی سیاست ختم ہو گئی۔

ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عامر ڈوگر کی کامیابی کے بعد شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ(ن) کو شکست دی جاسکتی ہے،پی پی پی کی تو ضمانت ضبط بھی ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ خاموش سپاہیوں نے عامر ڈوگر کے انتخابی نشای خرگوش پر مہر لگائی اور گھر چلےگئے، آج خرگوش شیر کو کھا گیا ہے، ملتان نے ایک گیند سے دو وکٹیں گرادیں اور پاکستان کی سیاست کو بدل دیا ہے۔

بعد ازاں شاہ محمودقریشی نے عمران خان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ،پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین نے پی ٹی آئی کے وائس چئیرمین کو عامرڈوگرکی کامیابی پرمبارکباد دی۔

شکست تسلیم کرتاہوں،جاوید ہاشمی

این اے 149 سے مستعفی ہو کر الیکشن میں حصہ لینے والے پاکستان تحریک انصاف کے سابق صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں شکست تسلیم کرتا ہوں،عامر ڈوگر کو مبارک باد دیتا ہوں۔

 جاوید ہاشمی نے شکست تسلیم کر لی ہے
جاوید ہاشمی نے شکست تسلیم کر لی ہے

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کے بعد جاوید ہاشمی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ 10دنوں میں مسلم لیگ(ن) کی کوششوں نے معجزہ کر دکھایا، ملتان میں مسلم لیگ کو کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں ملا اور لیگی دوستوں کو بھی مجھ سے گلے شکوے تھے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ قوم کوباتیں بتانے پرتحریک انصاف کا غصہ ظاہر ہونا تھا۔

ملتان کے ضمنی انتخاب میں جاوید ہاشمی کو شکست

ملتان:ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی صدر جاوید ہاشمی کو شکست ہوگئی ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق این اے 149 کے 286 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں غیر حتمی اور غیر سرکاری طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ عامر ڈوگر نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

 عامر ڈوگر کو پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی
عامر ڈوگر کو پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی

286 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق عامر ڈوگر 57972 ووٹ لے کر کامیاب ہو ئے ہیں جبکہ جاوید ہاشمی نے 47500 ووٹ لیے ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق عامر ڈوگر نے 10ہزار 472 ووٹوں سے جاوید ہاشمی کو شکست دی ہے۔

یاد رہے کہ ملتان کے این اے 149 پر جاوید ہاشمی نے 2013ء کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر 83 ہزار 6سو 40 ووٹوں کے ساتھ اپنے سیاسی کیریئر کی بہترین کامیابی حاصل کی

عامر ڈوگر کو برتری حاصل

ملتان: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخابات کے 286 پولنگ اسٹیشنز میں سے 179 کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج میں عامر ڈوگر کو برتری حاصل ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عامر ڈوگر کو 179 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق 41543ووٹ ملے ہیں۔

تحریک انصاف کے مستعفی صدر اور حکومتی جماعت پاکستان مسلم لین نواز (پی ایم ایل این) جاوید ہاشمی 33972ووٹ کےساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ اس انتخاب میں 15 امیدوار میدان میں ہیں۔

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کی رہائش گاہ پر جشن شروع

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عامر ڈوگر کی رہائش گاہ پر حامیوں نے جشن منانا شروع کر دیا ہے۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اب تک کے موصول ہونے والے نتائج سے مطمئن ہوں، امیدہےباقی نتائج بھی میرےحق میں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا مگر مجھے تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے، عمران خان کےتبدیلی کے ایجنڈے پر ان کے ساتھ چلوں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے حلقہ149 کے لوگوں پر اعتماد ہے، کامیابی حاصل ہوگی، جنوبی پنجاب نئے پاکستان کی منزل کی جانب نکل پڑا ہے۔

نتائج میرے حق میں نہیں آرہے، جاوید ہاشمی

جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نتائج میرے حق میں نہیں آرہے، اگر ہار گیا تو نتیجہ تسلیم کروں گا، جیتنے والے کو مبارک باد دوں گ، میرے حلقے نے جب جتوایا تھا تو بھی نتیجہ قبول کیا تھا آج ہار رہا ہوں تو اسے بھی قبول کروں گا۔

ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کنٹینر کے ذریعے حکومتیں بدلی نہیں جا سکتیں، عمران اور طاہر القادری کے پاس حکومت بدلنے کا نسخہ بیلٹ باکس ہوناچاہیے۔

جاوید ہاشمی کا مزید کہان تھا کہ اب میں علاج کےلیے چلا جاؤں گا،

ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت پر انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے رابطہ نہیں پھر بھی انہوں نے رات دن میرے لئے محنت کی۔

پولنگ کا وقت ختم ، غیرحتمی غیرسرکاری نتائج موصول ہونا شروع

شام پانچ بجے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد مختلف پولنگ اسٹیشن سے نتائج ملنا شروع ہو گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق اب تک کے موصول ہونے والے نتائج میں جاوید ہاشمی اور عامر ڈوگر کے درمیان کانٹے مقابلہ دیکھا جا رہا ہے۔

شمس آباد میں ہنگامہ آرائی کے بعد کشیدگی

شمس آباد کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی اور رینجرز کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد شروع کی گئی پولنگ دوبارہ روک دی گئی۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق پولنگ آفیسر اور پولنگ عملہ گھبراہٹ کا شکار ہے اور انھوں نے اس وقت تک پولنگ کا عمل شروع نہ کرنے کا کہا ہے جب تک حالات نارمل نہیں ہو جاتے۔

پی ٹی آئی کے کارکنان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی افشین بٹ نے پولنگ اسٹیشن کے اندر گھس کر دھاندلی کروانے کی کوشش کی۔

دوسری جانب افشین بٹ کا کہنا ہے کہ عامر ڈوگر کے حامی بابر شاہ نے دھاندلی کروانے کی کوشش کی۔

افشین بٹ کا کہنا تھا کہ مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں اور اگر کوئی سچا ہے تو وہ ثبوت پیش کرے۔

شمس آباد کے پولنگ اسٹیشن پر جھگڑا، رینجرز نے کنٹرول سنبھال لیا

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق شمس آباد کے پولنگ اسٹیشن پر پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن ) کے کارکنوں کے مابین جھگڑے اور نعرے بازی کے باعث مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر پولنگ روک دی گئی۔

ریٹرننگ آفیسر میاں شاہد اور پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی شمس آباد کے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی اور رینجرز نے پولنگ اسٹیشن کا کنٹرول سنبھال لیا۔

میاں شاہد کا کہنا تھا کہ کسی خاتون نے پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہوکر عملے کے ساتھ بدتمیزی کی اور پولنگ رکوا دی۔

تاہم کچھ ہی دیر میں حالات معمول پر آنے کے بعد پولنگ کا دوبارہ آغاز کردیا گیا۔

ووٹرز کو حراساں کرنے کے الزام کی تردید

ریٹرننگ آفسر میاں شاہد نے آزاد امیدوار عامر ڈوگر کے ووٹرز کو حراساں کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کا عمل درست طریقے سے جاری ہے۔

اس سے قبل ضلعی ریٹرننگ آفسر نے ملتان شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ بھی کیا۔

پولنگ کے دوران مخصوص سیاہی کا استعمال

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملتان کے حلقہ این اے 149 میں پولنگ کے دوران مخصوص سیاہی کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے سو فیصد انگوٹھوں کی تصدیق ہوسکتی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ مخصوص سیاہی پی سی ایس آئی آر ک تیار کردہ ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مقناطيسي سياہی کے بجائے مخصوص سياہی بہترہے، کیونکہ اس سے دھاندلی کے امکانات ختم ہوجاتے ہیں۔

'جو بھی نتیجہ ہوگا کھلے دل سے قبول کروں گا'

آزاد امیدوار جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے ضمنی انتخابات میں جو بھی نتائع آئے وہ ان کو کھلے دل سے قبول کریں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہا تھا کہ اگر وہ کامیاب ہوئے تو کسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ این اے 149 کا نتیجہ ملک کی سیاست پر اثر انداز ہوگا۔

بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ

حلقے این اے 149 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار عامر ڈوگر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس حلقے سے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوں گے۔

ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹرز کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو بے ضابطگیوں سے آگاہ کریں گے ۔

زبردستی ووٹ ضائع کرنے کا الزام

ملتان کے علاقے گلگشت کالونی میں قائم ایک پولنگ اسٹیشن میں خواتین ووٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ پولنگ عملہ ان سے زبردستی ووٹ ضائع کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔

این اے 149 پر ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں

ملتان: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر ملتان کے حلقہ این اے-149 میں آج ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں، جہاں پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔

یاد رہے کہ ملتان کے حلقہ این اے–149 سے قومی اسمبلی کی نشست جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد خالی ہوگئی تھی۔

ڈان نیوز کے مطابق پولنگ کا سلسلہ صبح آٹھ بجے شروع ہوا، جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

حلقہ میں کل 286 پولنگ اسٹیشنوں میں سے چودہ حساس پولنگ اسٹینشز پر دفعہ 114 نافذ ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست کے بعد حساس پولنگ اسٹیشنز پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پولنگ کے دوران ضلع بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر تمام سامان گزشتہ روز ہی پہنچا دیا گیا تھا۔

یہاں آزاد امیدوار جاوید ہاشمی اور عامر ڈوگر اور پی پی پی کے ڈاکٹر جاوید صدیقی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

آج کے ضمنی انتخابات کو اس لحاظ سے بھی اہمیت حاصل ہے کہ کل 18 امیدواروں میں سے صرف ایک امیدوار ایسے ہیں جو اپنی جماعت پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر اس میں حصہ لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی نے اس حلقے سے سابق ایم پی اے جاوید صدیقی کے نام کا اعلان کیا تھا۔

جبکہ جاوہد ہاشمی اور ملک عامر ڈوگر آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، لیکن انہیں دو بڑی سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

یاد رہے کہ جاوید ہاشمی جو تحریک انصاف کے ساتھ اختلافات کے باعث اسلام آباد کا دھرنا چھوڑ کر اس حلقے سے مستعفی ہوچکے ہیں، ایک بار پھر عوام کے ووٹوں سے آزاد حیثیت سے اسمبلی میں جانے کے خواہاں ہیں، انہیں مسلم لیگ نون کی حمایت حاصل ہے۔

دوسری جانب ان کے حریف آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر کو پاکستان تحریکِ انصاف کی حمایت حاصل ہے۔

مزید پڑھیں: ملتان: حلقہ این اے-149 کی مختصر انتخابی تاریخ

واضح رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں بھی جاوید ہاشمی اور ملک عامر ڈوگر کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تھا، جس میں جاوید ہاشمی نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر اس حلقے کامیابی حاصل کی تھی۔

تبصرے (4) بند ہیں

Latafat Oct 16, 2014 10:00am
Javed Hashmi today lose not only seat of Multan as well his lie politics
islamabadian Oct 16, 2014 10:48pm
why PTI is celebrating this victory?? if PTI is supporting a candidate for election under current Electoral system then why DHARNA in isb ?? IK is a Confused Leader and making people fool and confuse... Aik bahdur Admi Javed Hasmi
azmat ali Oct 17, 2014 01:14am
@islamabadian: I agreed. We are blind peoples and just following the leaders. IK saying that we dont accept this ECP and still celebration the independent candidate winning. Howcome you are confused. Her it is proved that if result in your favor then it is accepted if not then rigged and not accepting ECP.
Moh Oct 17, 2014 05:22am
@azmat ali: you're right. Imran is intensely hungry to become PM . It is his personal perference and he is no less selfish.

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024