• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

حکومت سےمذاکرات ناکام،پی اے ٹی کا ’یوم انقلاب‘ کااعلان

شائع August 27, 2014 اپ ڈیٹ August 28, 2014
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی جانب سے حکومت کو مستعفی ہونے کے لیے دی جانے 48 گھنٹے کی ڈیڈلائن بدھ کی شام 6 بجے ختم ہو گئی، جس کے بعد حکومتی ٹیم اور طاہر القادری میں دو ادوار ہوئے مگر ان دونوں ادوار کے بعد پی اے ٹی کے سربراہ یا حکومتی وفد کو قائل نہ کیا جا سکا اور مذاکرات نا کام ہو گئے۔

اس سلسلے میں ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت، گونر پنجاب چوہدری سرور اور گورنر سندھ عشرت العباد نے طاہر القادری سے ملاقات کی۔

دوسری جانب عمران خان نے نواز شریف کو جمعرات کو اہم اعلان کرنے کا عندیہ دیا ہے قبل ازیں انہوں نے بدھ کو حتمی لائحہ عمل کا اعلان کرنا تھا۔

اسلام آباد میں اس تمام صورتحال کے بعد حالات کشیدہ ہوتے جارہے ہیں۔ ریڈزون میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جو اپنے قائدین کے حکم پر کسی بھی انتہائی قدم اٹھانے کیلئے تیار نظر آ رہے ہیں۔

علاوہ ازیں پولیس کی نفری بھی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے جبکہ تمام اہلکار پہلے سے زیادہ متحرک نظر آ رہے ہیں۔

◄اس بارے میں

پہلا دن: 'آزادی' اور 'انقلاب' مارچ کے شرکاء کی تعداد توقعات سے زیادہ

دوسرا دن: عمران خان کا نوازشریف کے استعفے تک دھرنا جاری رکھنےکا اعلان

تیسرا دن:عمران اور قادری کا نواز شریف کے استعفی کا مطالبہ

چوتھا دن: عمران خان کا سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان

پانچواں دن: عمران خان کا ریڈ زون میں داخل ہونے کا اعلان

چھٹا دن:آزادی اور انقلاب مارچ شاہراہ دستور پر پہنچنا شروع

ساتواں دن:تحریک انصاف کے چھ مطالبات حکومت کے سامنے پیش

آٹھواں دن:غیرآئینی طریقے سے حکومت کا خاتمہ نہیں ہونا چاہیے، امریکا

نواں دن: تحریک انصاف اور حکومت میں مذاکرات ختم، کل پھر ہوں گے

دسواں دن:’مائنس ون فارمولا‘تحریک انصاف اورحکومتی ٹیم میں ڈیڈلاک

گیارھواں دن:تحریک انصاف کی ہڑتال کی دھمکی، مسلم لیگ(ن) کی ریلیاں

بارھواں دن:دونوں سابق چیف جسٹس دھاندلی میں ملوث،سابق ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن

تیرھواں دن:عمران استعفی کے مطالبے پر قائم،طاہرالقادری کاالٹی میٹم


حکومت سےمذاکرات ناکام،آج یوم انقلاب ہو گا،طاہر القادری

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) اور حکومت میں مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں، اب مذاکرات کا دروازہ بند ہو گیا ہے، جمعرات کو یوم انقلاب ہوگا اب ہم فیصلہ کریں گے،آج عوام کی تقدیراورفیصلےکادن ہے۔

حکومتی وفد سے مذاکرات کے بعد کارکنان سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے سامنے دو شرائط رکھی تھیں، ایک یہ کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے میں ملوث 21 نامزد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے، دوسری شرط وزیر اعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ تھا۔


انصاف نہ ملا تو الطاف حسین احتجاج میں شامل ہو سکتے ہیں، عشرت العباد

گورنرسندھ عشرت العباد نے کہاکہ طاہر القادری کے جائز مطالبات کو ماننا چاہیے اور عمل درآمد ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات بعد انہوں نے کہا کہ ہم شرکا کے ساتھ یکجہتی کیلئے پہنچے ہیں ، پاکستان عوامی تحریک کے شرکاء کو انصاف نہ ملا تو شاید الطاف حسین صبر کا دامن نہ تھام سکیں کیونکہ الطاف حسین بہت زیادہ صبر کر چکے ہیں، وہ آپ کے ساتھ شامل ہو جائیں گے۔

عشرت العباد کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نےسانحہ ماڈل ٹاؤن پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلے کے حل کے لیے رابطوں میں ہیں، وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے اور نواز شریف کے نقطہ نظر کو بھی سمجھا ہے جبکہ طاہر القادری سے ملاقات کی اوران کے نقطہ نظر کو بھی سمجھا۔


مذاکرات ختم،حکومتی ٹیم میڈیا سے گفتگو کے بغیر روانہ

پاکستان عوامی تحریک(پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے مذاکرات کے بعد حکومتی کمیٹی واپس روانہ ہو گئی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، زاہد حامد اور جاوید شفیع پر مشتمل کمیٹی میڈیا سے گفتگو کے بغیر ہی واپس گئی۔

حکومتی کمیٹی اور عوامی تحریک میں مذاکرات بہت مختصر وقت کے لیے ہوئے۔

گورنر پنجاب اور گورنر سندھ بدستور طاہر القادری کے کنٹینر میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ چوہدری سرور اور عشرت العباد وزیر اعظم نواز شریف سے ایک طویل ملاقات کے بعد طاہر القادری کے پاس آئے تھے۔


طاہر القادری سے مذاکرات کیلئے حکومتی ٹیم پہنچ گئی

پاکستان عوامی تحریک(پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے مذاکرات کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی ٹیم میں دھرنے میں پہنچ گئی ہے۔

حکومتی ٹیم میں اسحاق ڈار اور زاہد حامد شامل ہیں جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور گورنر سندھ عشرت العباد پہلے ہی ڈاکٹر طاہر القادری کے کنٹینر میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ حکومتی ٹیم تین گھنٹے قبل طاہر القادری سے ملاقات کرکے واپس گئی تھی۔


ہم اس نظام کےخلاف بغاوت کرتےہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات تک نوازشریف استعفیٰ دیں، ہم اس نظام کےخلاف بغاوت کرتےہیں، جمہوریت کےبغیرپاکستان کاکوئی مستقبل نہیں، نئے پاکستان میں میرٹ کا بول بالا ہوگا۔

عمران خان نے رات میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے دھاندلی کی شفاف تحقیقات نہیں ہو سکتی، دھاندلی کرنے والوں کا احتساب نہ ہوا تو آئندہ انتخابات کا فائدہ نہیں، دھرنےکامقصدپاکستان میں حقیقی جمہوریت اورآزادی لاناہے۔


طاہر القادری سے ملاقات کیلئے پنجاب اور سندھ کے گورنر پہنچ گئے

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے لیے پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور اور سندھ کے گورنر عشرت العباد پہنچ گئے ہیں

اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے کنٹینر سے باہر آکر کارکنان سے خطاب میں کہا کہ گورنر پنجاب اور گورنر سندھ مذاکرات کے لیے نہیں بلکہ حکومتی ٹیم کی آمد پر یہ مذاکرات کا حصہ بنیں گے۔


سانحہ ماڈل ٹاون کا عبوری چالان تیار، صرف پولیس اہلکار نامزد

لاہور پولیس نے سانحہ ماڈل ٹاون کا عبوری چالان تیار کر لیا ہے، جس میں کسی بھی حکومتی شخصیت کو نامزد نہیں کیا گیا بلکہ صرف سرکاری اہلکاروں کے نام شامل کیے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق 10 صفحات پر مشتمل چالان میں ایس پی سیکیورٹی سمیت 9 پولیس اہلکاروں کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا ہے جبکہ منہاج القرآن کی جانب سے بھی فائرنگ کے حوالے سے تحریر کیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کے لیے تیار کیے جانے والے عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ حالات خراب ہونے پر کراس فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 29 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

چالان کے مطابق پولیس کو کسی نے گولی چلانے کا حکم نہیں دیاتھا۔

پولیس کی جانب سے تیار کیے گئے چالان میں سابق ایس پی سیکیورٹی سلمان سمیت نو اہلکاروں کو واقعے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایس پی سیکیورٹی سلمان اور نو پولیس اہلکاروں کی وجہ سے حالات خراب ہوئے۔

لاہور کی پولیس کی جانب سے واقعہ کے بارے میں 28 اگست کو عبوری چالان پراسیکیوٹر جنرل کو جمع کروائے گی۔

چالان کا جائزہ لینے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پراسیکیوٹر جنرل جمع کروائیں گے۔


تھانہ فیصل ٹائون کے باہر مسلم لیگی کارکن جمع ہونا شروع

لاہور میں مسلم لیگ(ن) کےکارکن تھانہ فیصل ٹاؤن کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں اور پی اے ٹی وکلاء کے درمیان تصادم کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء سانحہ ماڈل ٹائون کا مقدمہ درج کروانے کے لیے تھانہ فیصل ٹاؤن میں موجود ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق تھانہ فیصل ٹائون میں مسلم لیگ(ن) کا کارکن پاکستان عوامی تحریک کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار قرار دیتا رہا، سہیل نامی کارکن نے پی اے ٹی کے وکیل سے تلخ کلامی بھی کی۔

تھانہ فیصل ٹاون میں عوامی تحریک اور نون لیگ کے کارکنوں میں ممکنہ تصادم کے خطرے کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری اور بیرئیر منگوا لیے گئے ہیں


طاہر القادری سے مذاکرات: حکومتی وفد کی وزیر اعظم کو بریفنگ

حکومتی وفد کے ارکان اسحاق ڈار اور زاہد حامد وزیر اعظم ہائوس پہنچ گئے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سے مذاکرات پر وزیر اعظم کو بریفنگ دے رہے ہیں۔

قبل ازیں حکومت کے وفد کی عوامی تحریک روانگی کے موقع پرعوامی تحریک کے کارکنوں کے "گو نواز گو" کے نعرے لگاتے رہے۔


ڈیڈلائن میں توسیع:عوامی تحریک نے دو شرائط پیش کر دیں

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکومت کو دو شرائط پیش کر دی ہیں ان پر فوری عمل پر ڈیڈ لائن چند گھنٹے بڑھا دیں گے، حکومتی وفد بااختیار نہیں تھا اب وہ وزیر اعظم سے حتمی منظوری کے لیے واپس گئے ہیں۔

حکومتی وفد کر رخصت ہونے کے بعد کارکنان سے ملاقات کے بعد کارکنان سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد پر واضح کر دیا ہے ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں ہو سکتی اگر دو شرائط پوری کر لی جائیں تو ان دو شرائط مکمل طور پر پوری ہونے کے بعد ڈیڈ لائن میں چند گھنٹوں کی توسیع کر دی جائے گی۔


کوئی اہلکار حکم کے بغیر مظاہرین پر طاقت کا استعمال نہیں کرے گا، ایس ایس پی

اسلام آباد: ایس ایس پی (سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس) اسلام آباد نے بدھ کو دارالحکومت میں امن و امان کے حوالے سے نیا حکم جاری کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق نوٹیفکیشن میں ایس ایس پی اسلام آباد نے کہا ہے کہ پولیس کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نوٹیفیکشن میں پولیس کو مجسٹریٹ کے حکم کے بغیر لاٹھی چارج یا آنسو گیس شیلنگ کے استعمال سے منع کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری اپنے سیکڑوں حمایتیوں کے ساتھ پارلیمنٹ کے باہر گزشتہ 12 روز سے وزیر اعظم نواز شریف کے استعفے کے مطالبے کے لیے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔

اس سے پہلے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے مظاہرین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا حکومت کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے مذاکرات معطل ہو جائیں۔


عوامی تحریک سے بااختیار حکومتی وفد کی ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزراء زاہد حامد اور اسحاق ڈار طاہر القادری سے ملاقات کیلئے پہنچ گئے۔

دونوں وزراء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ سے ان کے کنٹینر میں ملاقات کر رہے ہیں۔

ڈان جیوز کے مطابق وفاقی وزراء اسحاق ڈار اور زاہد حامد مکمل اختیارات کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں۔

اسحاق ڈار کے پہنچتے ہی عوامی تحریک کے کارکنوں نے "گونوازگو" کے نعرے لگائے۔


پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء مقدمہ درج کروانے تھا نے پہنچ گئے

سانحہ ماڈل ٹائون کا مقدمہ درج کروانے کیلئے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے وکلاء تھانے پہنچ گئے۔

ایک گھنٹے تک تھانے میں موجود رہنے کے باوجود مقدمے کا اندراج نہ ہو سکا۔

پاکستان عوامی تحریک کے وکیل منصور آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ فیصل ٹاؤن تھانے میں ایک گھنٹے سے موجود ہیں، تھانے کا عملہ غائب ہے۔


شہباز شریف کو پہلے ہی استعفی دے دینا چاہیے تھا، یوسف رضا گیلانی

سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے رہنما ہیوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹائون کے فوری بعد ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی استعفی کی طاہر القادری سے اجازت لی جا رہی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں ہوتے ہوئے نواز شریف کے خلاف تحریک نہیں چلا رہے بلکہ آئین کا ساتھ دے رہے ہیں۔


اب حکومت سے بات چیت کی گنجائش نہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے استعفی کے علاوہ کچھ قبول نہیں ہے، اب حکومت سے مزید مذاکرات نہیں ہوں گے کیونکہ مزید بات چیت کی گنجائش نہیں ہے، آج ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دوں گا۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے لچک دکھائی اور ایک ماہ کے لیے استعفیٰ مانگا، ایک ماہ کی تحقیقات تک استعفیٰ مانگنے کا مطالبہ جمہوری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین نے مزید کہا کہ اب مجھے خریدنے کی کوشش ہو رہی ہے، مجھے ڈپٹی وزیر اعظم بنانے کو بھی تیار ہیں۔



حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کا پانچواں دور

حکومت اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر ہونے والے ان مذاکرات کےاختتام پر حکومتی ٹیم میڈیا سے بات چیت کیے بغیر روانہ ہوگئی۔

ذرائع کا کہناہے کہ حکومتی ٹیم کے جانے کے بعد اس وقت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں عمران خان بھی شریک ہیں۔



افتخار چوہدری کو ہتک عزت کے نوٹس کا جواب واپس

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سربراہ عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بھجوایا گیا ہتک عزت کا نوٹس کا جواب واپس لے لیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ہتک عزت کے دعوے کا جواب عمران خان کی ہدایت پر واپس لیا گیا۔

عمران خان کے وکیل حامد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اب یہ معاملہ ختم ہے اور وہ اس معاملے کی مزید پیروی نہیں کریں گے۔



آئین پر یقین رکھنا جمہوریت کی فتح ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا ایوان 20 کروڑ عوام کی نمائندگی کرتا ہے اور آئین پر یقین رکھنا جمیوریت کی فتح ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔

اپنے خطاب کے ابتداء میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا اور کسی کو بھی آئین کے خلاف اقدامات نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھا کہ پارلیمنٹ کی جانب سے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کو قائم رکھنے کا عزم قابلِ تحسین ہے۔



ایم کیو ایم کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے آج بدھ کو وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے نواز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ایم کیو ایم کے وفد میں فاروق ستار، باہر غوری اور حیدر عباس رضوی شامل تھے، جبکہ حکومتی وفد میں وفاقی وزراء خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور وزیرِ اطلاعات پرویز رشید شامل تھے۔



شاہراہ دستور کو کل تک خالی کروایا جائے: سپریم کورٹ

اسلام آباد: پاکستان کی اعلیٰ ترین عدالت سپریم کورٹ نے کل تک پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے شاہراہ دستور کو خالی کروانے کا حکم جاری کردیا ہے۔

چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لاجر بینچ نے جب ممکنہ ماورائے آئین اقدامات اور شاہراہِ دستور کو خالی کروانے سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت شروع کی تو اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک شاہراہِ دستور کو خالی کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

عدالتی حکم کے باجود شاہراہِ دستور خالی نہ کروانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔



متحدہ اور پیپلزپارٹی حکومت سے ’کچھ قربانی‘ کی متقاضی

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ملک میں جاری سیاسی بحران کا بوجھ حکومت پر ڈالتے ہوئے ’کچھ قربانی‘ دینے کا مشورہ دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر اور مرکزی رہنما فاروق ستار نے گزشتہ دو دنوں کے درمیان پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران کہا کہ ’کسی سیاسی ایکشن کی کوئی گنجائش نہیں، بلکہ حکومت کو بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ قربانی دے دینی چاہیٔے‘۔



'تمام فریقین کے لیے قابلِ قبول حل تلاش کیا جائے'

کراچی: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے گزشتہ روز گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دوران موجودہ ملکی صورتحال خصوصاً اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔



'سپریم کورٹ نے حکم دیا تو طاقت کا استعمال کیا جائے گا'

سلام آباد: دارالحکومت کی انتظامیہ اور پولیس کے حکام کا منگل کو ٹرپل ون بریگیڈ کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اس اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے دی گئی 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی پلان کو حتمی صورت دی گئی۔

یہ ڈیڈلائن بدھ کی شام چھ بجے ختم ہوجائے گی۔


اکتیس پی ٹی آئی اراکین کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو موصول

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 34 میں سے 31 اراکین نے استعفے جمع کروادیے ہیں۔

این اے سیکریٹریٹ کے میڈیا ونگ کے مطابق 31 میں سے 26 استعفے درست تھے جبکہ پانچ میں معمولی سی غلطیاں تھیں ۔

تاہم پی ٹی آئی کے تین اراکین گلزار خان، ناصر خان خٹک اور مسرت احمدزیب نے تاحال استعفے جمع نہیں کروائے۔



سانحہ ماڈل ٹاؤن کیلئے حکومت ذمہ دار، رپورٹ

لاہور: سترہ جون کو ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے سانحے کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے حکومت کو واقعے کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے حکومت کے احکامات پر کارروائی کی جس کے باعث خونریزی ہوئی۔

جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف اور رانا ثنااللہ کے پولیس کو دیے گئے بیانات میں تضاد موجود ہے اور واقعے کے مقام پر ہونے والی سرگرمیاں بھی ان دعوؤں سے میل نہیں کھاتیں۔

اس رپورٹ کے مواد کا، جس کے بارے میں حکومت کا کہنا ہے کہ یہ خفیہ ہے، سب سے پہلے ایک نجی ٹی وی چینل کے اینکر نے انکشاف کیا تھا اور اس کی ڈان نے آزادانہ ذرائع سے تصدیق کی ہے۔


دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں، افتخار چوہدری

اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

سابق چیف جسٹس کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب پاکستان تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دے رہی ہے۔

پارٹی کے سربراہ عمران خان نے افتخار محمد چوہدری پر مبینہ دھاندلی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔



پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی سے بھی مستعفی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے پنجاب اسمبلی میں اپنے استعفے جمع کرا دیے ہیں۔

نمائندہ ڈان نیوز عارف ملک کے مطابق اٹھائیس اراکین کے استعفے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے رہنما محمود الرشید کو موصول ہو گئے تھے، جنہوں نے یہ استعفے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی سب کے سامنے ہے اور تحریک انصاف حکومتی کارکردگی کے خلاف وائٹ پیپر بھی جاری کرے گی۔



۔1999اور2014 میں مماثلت ہے،پرویز مشرف

اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت سے ہی پاکستان کو آگے لے جایا جا سکتاہے، کسی جمہوری حکومت نے پاکستان کو خوشحالی نہیں دی۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اصل جمہوریت الیکشن کے بعد شروع ہوتی ہے، پاکستان میں سب کو ٹھیک کرنا آسان کام نہیں ہے، جو لوگ خود کو جمہوری کہتے ہیں وہ عوام کے مسائل حل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے عوام کو متحرک کردیا، دھرنے میں شرکاء کی کم گنتی بتانے والے خود کو دھوکا دے رہے ہیں، لوگ اتنے پریشان ہیں کہ اتنی سختیوں کے باوجود بیٹھے ہوئے ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025