• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

افغانستان مولوی فضل اللہ ہمارے حوالے کرے، پاکستان

شائع August 5, 2014
وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز۔۔۔فائل فوٹو
وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان سے ایک بار پھر کالعدم تحریک طالبان(ٹی ٹی پی) کے سربراہ ملوی فضل اللہ کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کے ساتھ مولوی فضل اللہ کی حوالگی کے لیے دوبارہ معاملہ اٹھا جائے گا، افغان سرزمین سے پاکستان پر ہونے والے حملے نہایت اہم معاملہ ہے اس پر اعلیٰ افغان حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ سرحد پر معاملات کو درست کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پر بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب سے معاملات مزید موثر ہونے کے امکانات ہیں۔

سرتاج عزیز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی کارروائی کا بھر پور جواب دیا جائے گا، دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ معاملہ ہے دونوں ممالک کو اس کے تدارک کے لیے مل کر اقدامات کرنے ہوں گے۔

ہندوستان سے مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات 25 اگست کو طے ہے۔

ملکی کی داخلی صورتحال پر ہونے والے سوال پر انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کو پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی جانب سے اسلام آباد میں نکالے جانے والے لانگ مارچز سے خطرہ ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے تھنک ٹینک سیمینار سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ چین سے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، دونوں ممالک میں تعلقات میں گرم جوشی برقرار ہے اور گزشتہ 14ماہ میں اس میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں قریبی تعاون کر رہے ہیں، پاکستان میں تمام چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس 12اگست کو طلب کرلیا گیا ہے، او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس جدہ میں ہوگا،

انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس جدہ میں ہوگا، پرنس سعود الفیصل اجلاس کی صدارت کریں گے، وزیراعظم کی ہدایت پر او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں میں شرکت کروں گا۔

شمالی وزیر ستان میں جاری ضرب عضب آپریشن کے حوالے سے مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آپریشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، شمالی وزیرستان کا بڑا حصہ سیکیورٹی فورسز نے کلیئر کروا لیا ہے، تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، کارروائی کے دوران تمام مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

سیمینار سے خطاب میں پاکستان میں چین کے سفیر وائی ژونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوطرفہ تجارت کا حجم 6ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکا ہے، انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

وائی ژونگ کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان اور چین کو ای ٹی آئی ایم(ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ) کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا، پاکستان کے ساتھ مل کر افغانستان میں مصالحت کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024