چودہ اگست کو چھینی ہوئی آزادی واپس لیں گے، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ 14اگست کوچھینی ہوئی آزادی واپس لیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ 1947 میں بزرگوں کی جانب سے حاصل کی گئی آزادی کوچھین لیا گیا، اب چودہ اگست کو وہ آزادی واپس لیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نےا نتخابی دھاندلی کے خلاف ہرفورم پرآوازبلند کی اور اب گیارہ اگست کو بتائیں گے کہ کس کس انتخابات میں دھاندلی کی گئی۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو 68 لاکھ کے حلقے سے ڈیڑھ کروڑ ووٹ ملے ۔ ‘کیا نواز شریف نے پنجاب میں دودھ کی نہر بہادی تھی جو انھیں اتنے ووٹ ملے؟’
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نگراں حکومت بھی مسلم لیگ (ن)کے ساتھ ملی ہوئی تھی۔
عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ملک میں بھارت کی طرح الیکٹرانک الیکشن کرائےجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے الیکشن کے نتائج کو قبول کرلیا تھا، تاہم صرف 4 حلقوں میں دوبارہ گنتی کامطالبہ کیا تھا تاکہ تاکہ آیندہ انتخابات شفاف ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سےملک میں حقیقی جمہویت ہے ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کرناہمارا جمہوری حق ہے، لیکن حکومت نےآرٹیکل 245 نافذ کردیا۔
عمران خان نے کہا کہ ' 14 اگست کوپاکستان کا سب سے بڑا جشن آزادی منایاجائےگا'۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پاکستان کی تاریخ کاسب سےبڑا ڈاکا مارا گیا۔
عمران خان نے دوبارہ انتخابات اور اس دھاندلی میں ملوث لوگوں کو سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ نواز شریف کی بادشاہت کے دن اب ختم ہوگئے۔
اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ' فوج کا آنا ہمارے لیے اچھا ہے اور اس سے ہمیں سیکیورٹی ملے گی'۔
تبصرے (1) بند ہیں