• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ہندوستانی وزیر ٹریفک حادثے میں ہلاک

شائع June 3, 2014
وزیراعظم نریندرا مودی کی کابینہ میں دیہی ترقی کے وزیر گوپی ناتھ منڈے ایئرپورٹ جاتے ہوئے ایک حادثے کا شکار ہوگئے۔ —. فوٹو پریس ٹرسٹ آف انڈیا
وزیراعظم نریندرا مودی کی کابینہ میں دیہی ترقی کے وزیر گوپی ناتھ منڈے ایئرپورٹ جاتے ہوئے ایک حادثے کا شکار ہوگئے۔ —. فوٹو پریس ٹرسٹ آف انڈیا

نئی دہلی: دیہی ترقی کے مرکزی وزیر اور مہاراشٹر میں بی جے پی کے قدآور لیڈر گوپی ناتھ منڈے آج صبح ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق، گوپی ناتھ منڈے صبح چھ بجے اپنی سرکاری رہائشگاہ سے ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ انہیں بذریعہ ہوائی جہاز سے ریاست مہاراشٹر میں اپنے پارلیمانی حلقے ضلع بيڑ جانا تھا۔

گوپی ناتھ منڈے کار کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے تھے اور ان کی کار کو پیچھے سے ایک گاڑی نے ٹکر ماری۔ ان کے ذاتی معاون اور ڈرائیور نے انہیں ایمس ٹراما سینٹر میں پہنچایا۔

بی جے پی کے رہنما اور مرکزی وزیر نیتن گڈکرے نے تصدیق کی ہے کہ گوپی ناتھ منڈے ٹریفک حادثے میں وفات پاگئے ہیں۔

ٹکر مارنے والی کار کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

نیتن گڈکرے کا کہنا ہے منڈے کا انتقال ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوا۔ حادثے کے دوران وہ بہت زیادہ زخمی نہیں ہوئے تھے، لیکن ان کے دل نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ وہ ذیابیطس کے مریض بھی تھے۔

ہسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گوپی ناتھ منڈے کو جب ہسپتال لایا گیا تھا، تب ہی ان کے دل نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ ڈاکٹروں نے پوری کوشش کی، لیکن ان کی دھڑکنیں بحال نہیں ہوپائیں۔

یاد رہے کہ بدھ سے ہندوستانی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس شروع ہونے جا رہا ہے، یعنی تقریباً تیس گھنٹے بعد ہی منڈے رکن پارلیمنٹ کا حلف لینے والے تھے۔ انہیں حال ہی میں کابینہ وزیر بنایا گیا تھا ۔

مہاراشٹر میں اسی سال ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایسے میں بی جے پی کی مرکزی قیادت پارٹی کو بڑی ذمہ داری سونپنے والی تھی۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ اگر بی جے پی مہاراشٹر میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو منڈے کو وزیر اعلٰی بنایا جا سکتا تھا ۔

نیتن گڈکرے نے بتایا کہ گوپی ناتھ منڈے کی میت کو دوپہر دہلی میں اشوک روڈ واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر پہنچادیا جائے گا۔ شام کو ان کا جسدخاکی ریاست مہاراشٹر کے بیڑ ضلع میں ان کے آبائی گاؤں لے جایا جائے گا جہاں بدھ کو ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

گوپی ناتھ منڈے مہاراشٹر کے ایک قدآور رہنما تھے، وہ شیوسینا اور بی جے پی کی ریاستی حکومت میں نائب وزیر اعلٰی بھی رہے۔ منڈے 15 ویں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے نائب رہنما بھی تھے۔

صدر پرنب مکھرجی اور وزیر اعظم نریندرا مودی نے گوپی ناتھ منڈے کے اچانک حادثے میں انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز سے گوپی ناتھ منڈے کی تعلیم کے حوالے سے تنازعہ جاری تھا کہ انہوں نے جس کالج سے انہوں نے 1976ء میں گریجویشن کیا تھا، اس کالج کا قیام تو 1978ء میں ہوا تھا۔

اب ان کی وفات کے بعد یہ تنازعہ بھی ختم ہوگیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024