• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

انڈین الیکشن: ساتویں انتخابی مرحلے کی پولنگ جاری

شائع April 30, 2014
سات ریاستوں اور دو یونین ٹریٹیریز میں کل 89 نشستوں کے لیے تقریباً 14 کروڑ افراد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ —. فوٹو اے ایف پی
سات ریاستوں اور دو یونین ٹریٹیریز میں کل 89 نشستوں کے لیے تقریباً 14 کروڑ افراد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ —. فوٹو اے ایف پی

نئی دہلی: ہندوستان کی سات ریاستوں اور دو یونین ٹریٹیریز میں آج عام انتخابات کے ساتویں مرحلے میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔

کل 89 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں تقریباً 14 کروڑ ووٹرز بی جے پی کے وزیر اعظم کے عہدے کے نامزد اُمیدوار نریندرا مودی، کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ، لال کرشن اڈوانی، ریاستی وزیر فاروق عبداللہ اور مرلی منوہر جوشی سمیت بارہ سو پچانوے اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

اتر پردیش کی14، بہار کی سات، بنگال کی نو، گجرات کی کل 26، پنجاب کی بھی پوری 13، ہندوستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں و کشمیر کی ایک، آندھرا پردیش کی 17، دمن اور دیو اور لکش دیپ کی ایک ایک سیٹوں پر پولنگ جاری ہے۔

دہشت گردوں کی دھمکی کے پیش نظر کشمیر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس مرحلے کے اختتام پر 543 میں سے 438 نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

آندھرا پردیش سے علیحدہ ہوکر بننے والی نئی ریاست تلنگانہ کی پہلی اسمبلی جس کی 119 نشستیں ہیں، کے انتخابات بھی اسی مرحلے کے دوران منعقد ہورہے ہیں۔

تلنگانہ کی تشکیل کے لیے طویل عرصے جدوجہد کرنے والی جماعت تلنگانہ راشٹر سمیتی اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

پنجاب میں کانگریس کا مقابلہ بی جے پی کے علاوہ حکمران جماعت شرومنی اکالی دل سے بھی ہے۔

ساتویں مرحلے کے دیگر مشہور امیدواروں میں سینئر بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی، سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر جے پال ریڈی، وزیر خارجہ پرنيت کور، انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر جتن پرساد، سابق مرکزی وزیر امبیکا سونی، بی جے پی کی امیدوار اوما بھارتی، جے ڈی یو کے صدر شرد یادیو اور کیپٹن امردر سنگھ بھی شامل ہیں۔

سینئر کانگریس لیڈر مدھ سودن مستری وڈودرا میں نریندرا مودی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ کانگریس لیڈر ریتا بہوگنا جوشی، سابق کرکٹر اور بی جے پی کے لیڈر کیرتی آزاد، راشٹریہ جنتا دل کے مضبوط امیدوار راجیش رنجن عرف پپو یادیو، بی جے پی امیدوار اور بالی وڈ کے اداکارونود کھنہ، پنجاب کے وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل کی بہو ہرسیمرت کور اور بی جے پی کے امیدوار اور بالی وڈ کے معروف کامیڈی اداکار پاریش راول کے درمیان ہونے والے مقابلے پر بھی ہندوستان بھر کی توجہ مرکوز ہے۔

بی جے پی کے ٹکٹ پر نامور موسیقار بپی لہری بھی انتخابی میدان میں اُترے ہیں۔

نریندرا مودی وارانسی (بنارس) کی نشست سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں، جہاں آخری مرحلے میں 12 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024