• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

راولپنڈی میں ٹی ٹی پی کے خلاف مبینہ بھتہ خوری کی رپورٹ

شائع April 29, 2014
قبائلی علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عسکریت پسند۔ —. فائل فوٹو اے پی
قبائلی علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عسکریت پسند۔ —. فائل فوٹو اے پی

راولپنڈی: شہر کے دو تاجر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے نام کے تحت کام کرنے والے بھتہ خوروں کا شکار بن گئے۔

لیکن انہوں نے ان بھتہ خوروں کی مانگ پوری کرنے کے بعد پولیس کو اس کی رپورٹ دی۔

شہر کے ان تاجروں میں سے ایک صدر روڈ کے زاہد نذیر نے ڈان کو بتایا کہ وہ پولیس کے پاس اس لیے گئے کہ وہ اُن بھتہ خوروں کو دس لاکھ کی ادائیگی کے بعد بھی خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے تھے، جو 17 اپریل سے انہیں ہراساں کررہے تھے۔

نذیر نے بتایا کہ ایک آدمی جو پشتو میں بات کررہا تھا اور ٹی ٹی پی کا ایک رکن ہونے کا دعویٰ کررہا تھا، اس شخص نے انہیں دن میں تین مرتبہ فون کیا اور کالعدم عسکریت پسند گروپ جس کے ساتھ حکومت مذاکرات میں مصروف ہے، کے لیے پچیس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا، جس کے بعد وہ بہت خوفزدہ ہوگئے تھے۔

دھکمی آمیز کالوں کے دوران بات چیت کے بعد یہ بھتہ خور اپنے مطالبے کو دس لاکھ تک کم کرنے پر آمادہ ہوگیا۔

متاثرہ تاجر نذیر کے مطابق ان کے بھائی امجد بتائی گئی جگہ پر گئے اور رقم دو افراد کے حوالے کردی، جو ایک کار میں بیٹھے وہاں ان کا انتظار کررہے تھے۔

نذیر نے بتایا کہ ’’رقم کی حوالگی کے وقت ایک موٹر بائیک پر دو افراد ان کی نگرانی کررہے تھے۔ میرے بھائی نے یہ بات نوٹ کی کہ بائیک کی نمبر پلیٹ پر بادشاہ کا ڈیزائن بنا ہوا تھا، لیکن وہ ان کے چہروں کو نہیں دیکھ سکے کہ ان دونوں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔‘‘

دوسرے متاثرہ تاجر گنج منڈی کے انجم فصیح تھے۔جنہوں پولیس کو بتایا کہ وہ انتہائی کربناک تجربے سے گزرے تھے۔

انجم فصیح نے درج کرائی گئی رپورٹ میں کہا کہ وہ اپنے بھائی انور کے ساتھ ڈرائیو کرتے ہوئے گھر جارہے تھے، تو ایک کار میں سوار چار لوگوں نے انہیں روک لیا۔

انہوں نے اپنی شناخت ٹی ٹی پی کے اراکین کے طور پر کروائی اور کہا کہ ان کے امیر نے حکم دیا ہے کہ ان سے رقم وصول کی جائے اور اپنی دھمکی کو حقیقی بنانے کے لیے ان لوگوں نے ان کی کار پر گولیاں بھی چلائیں۔

انجم فصیح نے بتایا کہ ’’وہ اس حملے سے بال بال بچے تھے۔‘‘

پولیس میں درج کرائی گئی شکایت کے مطابق بعد میں انہیں ان مجرموں کی جانب سے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہوئیں اور بالآخر ان کے بھائی نے صدر روڈ پر واقع مشرق ہوٹل کے نزدیک پانچ لاکھ روپے ان کے حوالے کردیے۔

ڈی ایس پی راجہ طیفور نے بھتہ خوری کے بارے میں ان دونوں شکایات ی تصدیق کی اور یقین دلایا کہ پولیس ان بھتہ خوروں کو جلد از جلد گرفتار کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024