امریکی خاتون نے ہلیری کلنٹن پر پھینکا جوتا
لاس ویگاس : سابق امریکی وزیر خارجہ اور سابق امریکی خاتون اوّل ہلیری کلنٹن پر یہاں ایک پروگرام کے دوران ایک خاتون نے جوتا اچھال دیا۔
چھیاسٹھ برس کی ہلیری انسٹیٹیوٹ آف اسکریپ ری سائیکلنگ انڈسٹریز کے ایک اجلاس سے خطاب کررہی تھیں، تو ایک عورت نے ان کی جانب جوتا اُچھال دیا۔ تاہم ہلیری اس وقت نیچے جُھك گئیں اور جوتے کی زد سے محفوظ رہیں۔
اس حرکت کی ذمہ دار خاتون کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ وفاقی پولیس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔ اس حرکت کا سبب اب تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔
تاہم اس واقعے کے بعد ہلیری پُرسکون نظر آئیں اور انہوں نے اس کو مزاحیہ انداز میں لیا۔
انہوں نے مزاحیہ لہجے میں کہا کہ کیا کسی نے میری طرف کچھ پھینکا ہے؟ مجھے نہیں پتہ تھا کہ ویسٹ مینجمنٹ اتنا متنازعہ ہوتا ہے۔
جس ہال میں یہ واقعہ ہوا، وہاں تقریباً ایک ہزار افراد موجود تھے۔ بعد میں لوگوں نے زور دار تالیوں کے ساتھ ہلیری کا خیر مقدم کیا اور انہوں نے اپنی تقریر بھی مکمل کی۔
یاد رہے کہ سابق صدر جارج بش کے ساتھ بھی اسی طرز کا واقعہ پیش آیا تھا۔ لیکن ان دونوں واقعات میں فرق یہ ہے کہ صدر بش کی جانب عراق میں جوتا پھینکا گیا تھا، جبکہ ہیلری پر ان کے اپنے ملک میں جوتے سے حملے کی ناکام کوشش کی گئی۔ جبکہ دونوں واقعات میں مشترکہ نکتہ یہ ہے کہ دونوں نے اس پر مزاحیہ انداز میں رد عمل ظاہر کیا۔
امریکی ٹی وی کے ایک نیوز بلیٹن میں فوٹیج نشر کی جس میں ریاست لاس اینجلس میں ایک تقریب کے دوران خاتون کو ہیلری کلنٹن کی جانب جوتا پھینکتے دکھایا گیا ہے۔
بعد میں پولیس نے جوتا پھینکنے والی خاتون کو حراست میں لے لیا۔