• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

افغان الیکشن: پاکستان نے سرحد سیل کردی

شائع April 4, 2014
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے ڈان کو بتایا کہ سیکیورٹی کے یہ انتظامات افغانستان میں الیکشن کے اختتام تک جاری رہیں گے۔ —. فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے ڈان کو بتایا کہ سیکیورٹی کے یہ انتظامات افغانستان میں الیکشن کے اختتام تک جاری رہیں گے۔ —. فائل فوٹو اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان نے کل بروز جمعرات کہا ہے کہ ہمسایہ ملک میں انتخابات کے لیے اس نے باہمی رضامندی کے ذریعے بعض آمدورفت کے راستوں کے علاوہ افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد کا زیادہ تر حصہ سیل کردیا ہے۔

فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے ڈان کو بتایا ’’اضافی سیکیورٹی اقدامات افغانستان میں انتخابات کے اختتام تک جاری رہیں گے۔‘‘

جنرل باجوہ نے کہا کہ یہ تعیناتی سہ طرفہ ہے، ’’آمدورفت کے صرف چند ایسے مقامات جن پر باہمی اتفاق ہوگیا تھا، ووٹروں کو آمدورفت کی سہولت پہنچانے کے لیے کھلے رہیں گے۔‘‘

دفترِ خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفت روزہ میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ سیکیورٹی کے یہ خصوصی اقدامات افغان حکومت کی درخواست پر اُٹھائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا ’’ظاہر ہے کہ جب ان کی جانب سے درخواست کی گئی تو ہماری طرف سے سیکیورٹی کے لیے یہ اضافی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔‘‘

افغانستان میں پانچ اپریل کو ہونے والے صدارتی اور صوبائی کونسل کے انتخابات کے تناظر میں طالبان عسکریت پسندوں نے اپنے حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ افغان حکام ان میں سے کچھ حملوں کا الزام پاکستان پر عائد کرچکے ہیں، جن کی اسلام آباد کی جانب سے سختی کے ساتھ تردید کی جاتی رہی ہے۔

بدھ کے روز طالبان نے افغان شہریوں کو مزید حملوں کے لیے خبردار کیا تھا اور کہا تھا کہ ووٹرز اور انتخابی کارکنان جائز ہدف سمجھے جائیں گے۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ’’پاکستان کو افغانستان کے انتخابات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، اس طرح اس ملک کے استحکام کے لیے کی جانے والی کوششیں متاثر ہوں گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان امید رکھتا ہے کہ افغان ووٹرز طالبان کی دھمکیوں کے باوجود خاصی بڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ ہفتے کے روز افغانستان میں منعقد ہونے والے یہ انتخابات خانہ جنگی کے شکار ملک کو استحکام کی جانب لے جانے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان نے کہا ’’یہ افغانستان کے عوام کے لیے ان کے جمہوری سفر کے دوران ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ افغان قوم آنے والے انتخابات کے نتیجے میں مزید طاقتور اور متحد ہو کر اُبھرے گی۔ بطور دوست ملک اور افغان عوام کے خیرخواہ کے ہماری نیک خواہشات ہیں کہ انتخابات کا انعقاد کامیابی کے ساتھ ہو اور اقتدار کی منتقلی جمہوری اور پُرامن طریقے سے ہوجائے۔‘‘

پاکستان میں تیس لاکھ افغان پناہ گزین رہائش پذیر ہیں۔ لیکن تسنیم اسلم نے بیان کیا کہ پہلے کے برعکس افغان حکومت نے ان کے لیے ووٹنگ کے انتظامات میں مدد کے لیے درخواست نہیں کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024