• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ: بلدیاتی آرڈیننس ترامیم کالعدم قرار

شائع December 30, 2013
سندھ ہائی کورٹ —فائل فوٹو۔
سندھ ہائی کورٹ —فائل فوٹو۔

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے آج پیر کے روز بلدیاتی آرڈیننس میں ترامیم کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا حکم جاری کیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں قائم ڈویژنل بینچ نے متحدہ قومی موومنٹ کی درخواست کے ساتھ دس مختلف درخواستوں پر حتمی دلائل سننے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔

خیال رہے کہ کراچی، بے نظیر آباد، نوشیروفیروز سمیت دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں حلقہ بندیوں اور گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے علاوہ مسلم لیگ نون اور فنکشنل لیگ سمیت دیگر جماعتوں نے دس درخواستیں دائر کی تھیں۔

ماضی میں سندھ حکومت کی طرف سے بلدیاتی آرڈیننس میں تین مرتبہ ترامیم کی گئی تھیں۔

اس موقع پر عدالت نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومتی جماعت نے سیاسی بنیادوں پر حلقہ بندیاں کی ہیں جو کہ غیر آئینی ہیں، لہٰذا حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دے کر ازسرنو حلقہ بندیاں کی جائے۔

عدالت میں درخواست گزاروں نے اپنے دلائل میں کہا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر ان کے تحفظات موجود ہیں، جبکہ ایڈوکیٹ جنرل اور الیکشن کمیشن کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ وقت کی کمی کے باعث 2013ء کی انتخابی ووٹرز لسٹوں پر ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ چھ دنوں پہلے عدالت نے تمام فریقین کے دالائل سنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

ایم کیو ایم کا سندھ ہائی کورٹ فیصلے کا خیرمقدم

سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر سندھ کے لوگوں کو مبارکباد دی اور سپریم کورٹ سے بھی جلد انصاف ملنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون سازی وہ ہونی چاہئیے جو سب کیلئے قابلِ قبول ہو۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ قانون پر ہائی کورٹ نے فیصلہ سنا دیا ہے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ قانون سازی ایسی نہیں ہونی چاہئے کہ اسے لوگوں پر تھوپا جائے اور انہوں نے مجاز عدالت سے توقع کی کہ فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوعوام کی بہتری کے لئے قانون سازی کرنی چاہیے انہوں نے مذید کہا کہ کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا ضروری ہے۔

سبزواری نے کہا کہ انتخابی عمل کو جاری رہنا چاہیےاور انصاف کے حوالے سے بحث پارلیمان کے اندر کرنی چاہیئے۔

سبزواری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن

دوسری جانب سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد 18 جنوری کو کسی صورت ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ میں جانے کا آپشن موجود ہے اور اس سلسلے میں قانونی مشاورت کے بعد حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے کہا 2001 ء کی حلقہ بندیوں کو نہیں مانتے کیونکہ یہ آمر مشرف کی جانب سے اپنے سیاسی دوستوں کو خوش کرنے کے لئے سیاسی رشوت کے طور کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کے لئے جمع کردہ کاغذات نامزدگی نئی حلقہ بندیوں کے تحت جمع کرائے گئے تھے جو اب نل اینڈ وائٹ ہوگئے ہیں اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اب تمام کاغذات نامزدگی غیر موثر ہوگئے ہیں۔

اس لئے اب نئے سرے سے کاغذات نامزدگی داخل کرائے جائیں گے اور انتخابات کا شیڈول بھی نئے سرے سے الیکشن کمیشن کو دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات 18 جنوری کو ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024